صنعتی علاقوں کا تحفظ اوّلین ترجیح ہے، ڈی آئی جی ایسٹ

کورنگی میں 15کی نفری بڑھانے کی ہدایت، عامرفاروقی کا دورہٴ کاٹی، صدر دانش خان نے مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا

پیر 12 نومبر 2018 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2018ء) ڈی آئی جی ایسٹ کراچی پولیس عامر فاروقی نے کہا ہے صنعتی علاقوں کی سیکیورٹی اوّلین ترجیح ہے، مظاہروں اور ہنگامہ خیزی سے تحفظ کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی، کورنگی صنعتی علاقے میں 15کے لیے فراہم کردہ نفری میں 40اہل کاروں کا اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقعے پر ان خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کاٹی کے صدر دانش خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، سینیئر نائب صدر فراز الرحمان، نائب صدر ماہین اسلم، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان ندیم خان، سینیٹر عبدالحسیب خان ، سابق صدور فرحان الرحمن ، طارق ملک ، اکبر فاروقی اور دیگر نے ڈی آئی جی ایسٹ کا کاٹی آمد پر خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی دانش خان نے ڈی آئی جی کو کورنگی صنعتی علاقے سے متعلق بریفینگ دی اور حالیہ دنوں میں احتجاج اور مظاہروں سے صنعتوں کے متاثر ہونے سے متعلق بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ان کی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا۔ سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ پولیس اور تاجر برادری کے مابین تعاون پر سب کا اتفاق ہے، اسے عملی شکل دینے کے لیے بھی حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے امن وامان نے بتایا کہ ایک ماہ پہلی تعینات ہون والے ایس ایس پی علی رضا نے صنعتی علاقے میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں اور 450سے زائد جرائم پیشہ افراد کی گرفتاریاں ہوئی ہیں یہ کارکردگی قابل ستائش ہے۔

چیئرمین و سی ای او کائٹ اور سی پی ایل سی چیف ملیر و کورنگی زبیر چھایا نے کہا کہ کراچی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی محنت اور قربانیوں کے بعد شہر میں امن قائم کیا تھا، کسی بھی مظاہرے ہا ہنگامہ خیزی سے صنعتوں کو متاثر نہیں ہونا چاہیے تاکہ صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کا اداروں پر بحال ہونے والا اعتماد متزلزل نہ ہو۔

بعد ازاں کاٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ صنعتی علاقوں کی سیکیورٹی اوّلین ترجیح ہے، شہریوں اور بزنس کمیونٹی میں اپنے ادارے کا قائم ہونے والا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کورنگی صنعتی علاقے میں گشت کرنے والے 15 کے اہل کاروں میں 40کی نفری بڑھانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ نقدی چھیننے کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے یکم سے دس تاریخ کے دوران مختلف پوائنٹس کی نشاندہی کرکے وہاں نفری تعینات کردی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کے لیے پارکنگ ایریاز کی نگرانی کو نظام بنایا جائے گا اس کے لیے باہمی مشاورت سے وسیع تر حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کے ہمراہ ایس ایس پی عرفان بہادر اور پولیس کے دیگر اعلی افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں