حاجی عبدالوہاب کا انتقال، امت مسلمہ سائبان سے محروم ہوگئی، قاری محمد عثمان

خیر و برکت کے فیض کے داعی امت مسلمہ کو سوگوار کرگئے،حاجی عبدالوھاب صاحب ؒ کی رحلت سے پیدا ہونیوالا خلا پر نہیں کیا جاسکتا امت ایک عظیم داعی، مفکر اور سارے عالم کے انسانوں کا درد رکھنے والے محبت کے مرکز سے محروم ہوگئی،تعزیتی اجلاس سے خطاب

اتوار 18 نومبر 2018 19:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2018ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے عالم اسلام کے عظیم رہبر،عالمی تبلیغی جماعت کے امیر حضرت اقدس حاجی عبدالوہاب صاحب رحمہ اللہ کے سانحہ ارتحال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ سائبان سے محروم ہوگئی۔خیر و برکت کے فیض کے داعی امت مسلمہ کو سوگوار کرگئے۔

حاجی عبدالوھاب صاحب ؒ کی رحلت سے پیدا ہونیوالا خلا پر نہیں کیا جاسکتا۔امت ایک عظیم داعی، مفکر اور سارے عالم کے انسانوں کا درد رکھنے والے محبت کے مرکز سے محروم ہوگئی۔ وہ جامعہ عثمانیہ شیر شاہ میں تعزیتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ حضرت حاجی صاحب ؒ کی خدمات تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔انکے رفع درجات کیلئے بہترین طریقہ دعوت و تبلیغ کے عظیم مشن سے جڑے رہنا اور امت کو اصلاح کے راستے پر لانے کیلئے کوششیں تیز کرنا ہے۔

(جاری ہے)

قاری محمد عثمان نے کہا کہ آج پوری دنیا کے مسلمان سوگوار اور غم زدہ ہیں۔حاجی صاحب ؒ اسلام اور عالم کے انسانوں میں تعلق پیدا کرنے کیلئے زندگی بھر کردار ادا کرتے رہے۔انکی رحلت سے امت مسلمہ سایہ دار ہستی سے محروم ہوگئی۔انہوں نے کہاکہ حاجی صاحب نے اپنی پوری زندگی اسلام اور امت مسلمہ کی فکر میں وقف کررکھی تھی۔ دعوت کے عالمی کام کو جاری رکھنے کے ذریعے انکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جاسکتا ہے۔

اللہ حاجی صاحب رحمہ اللہ کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔تمام پسماندگان اور مسلمانوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔انکے فیض کو تاصبح قیامت جاری رکھے۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ فتنوں اور مصائب میں گھری ہوئی ہے۔ایسے میں رجوع الی اللہ اور اہل اللہ کی صحبت بقاء کی ضامن ہے۔امت کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر اسلام کی آفاقی دعوت کی روشنی پھیلانا دعوت و تبلیغ کا عظیم مشن ہے۔

علاوہ ازیں کراچی ائیر پورٹ پر حاجی صاحب کی نماز جنازہ میں جانے کیلئے جمع ہونے والے ہجوم سے گفتگو کرتے ہوئے قاری محمد عثمان نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کوہزاروں افراد کی حاجی صاحبؒ کے جنازے میں شرکت سے محرومی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ صبح 7بجے سے ہزاروں افراد لاہور جانے کیلئے ائیر پورٹ پر موجود تھے،مگر ائیر پورٹ انتظامیہ کی ہٹ دھرمی سے ہزاروں افراد جنازے میں شرکت سے محروم ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ 2چھوٹے فوکر طیارے 1,10,000 ایک لاکھ دس ہزار میں فی سواری کو ریٹرن ٹکٹ پر لے گئے جبکہ 2اور 3 بجے خصوصی فلائٹس کیلئے 30 ہزار روپیہ یک طرفہ ٹکٹ طے کرنے کے باوجود ڈیوٹی افسر نے انکار کر دیا۔ ائیرپورٹ ڈائریکٹر علی طاہر ہزاروں افراد کے نمائندوں سے ملاقات کیلئے تیار نہیں ہوئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں