سندھ حکومت گیس کا غبارہ ہے اور پن ان کے ہاتھ میں ہے، شاید اسی سوچ کی وجہ سے انہوں نے یہاں کی گیس بند کی، مشیراطلاعات سندھ

سندھ کو اس کا آئینی حق دیا جائے، تحریک انصاف اپنی وفاقی حکومت پر نظر ڈالے ان کے اتحادی خوش نہیں ہیں،مرتضی وہاب سندھ حکومت مخلوط حکومت نہیں پارٹی کے اپنے ایم پی ایز پر مشتمل حکومت ہے ، جو آج بھی صرف کام پر توجہ دیتی ہے،سندھ حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ عوام کو کیسے ریلیف فراہم کیا جائے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 16 جنوری 2019 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضی وہاب نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت گیس کا غبارہ ہے اور پن ان کے ہاتھ میں ہے، شاید اسی سوچ کی وجہ سے انہوں نے یہاں کی گیس بند کی، سندھ کو اس کا آئینی حق دیا جائے، تحریک انصاف اپنی وفاقی حکومت پر نظر ڈالے ان کے اتحادی خوش نہیں ہیں، تحریک انصاف کے دو وزراء نے کہاہے کہ فواد چوہدری جو کر رہے ہیں وہ پارٹی کا ایجنڈا نہیں ہے، سندھ حکومت مخلوط حکومت نہیں پارٹی کے اپنے ایم پی ایز پر مشتمل حکومت ہے ، جو آج بھی صرف کام پر توجہ دیتی ہے،سندھ حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ عوام کو کیسے ریلیف فراہم کیا جائے۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ گیس والے غبارے کی بات کرنے والے کراچی کی گیس روک کر زیادتی کر رہے ہیں،سازشی عناصر نے گیس بند کر کے پابندی لگائی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت مخلوط حکومت نہیں ہے یہ پارٹی کے اپنے ارکان سندھ اسمبلی پر مشتمل حکومت ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت آج بھی صرف کام پر توجہ دیتی ہے اور سندھ حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ عوام کو کیسے ریلیف فراہم کیا جائے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ نے اہم ایونٹ کی پلاننگ سے متعلق پولیس سے دریافت کیا ہے اور ان ایونٹس کی سیکیورٹی پر بریفنگ لی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کا مثبت پہلو دنیا کے سامنے اجاگر کر سکیں، وفاقی حکومت مرکزی اور پنجاب حکومت پر نظر ڈالے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ کل تحریک انصاف کے دو وزراء نے کہا کہ فواد چوہدری جو کر رہے ہیں وہ پارٹی کا ایجنڈا نہیں، تحریک انصاف اپنی وفاقی حکومت پر نظرڈالے ان کے اتحادی ان سے خوش نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مستقبل میں پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہونے والے ہیں، جس کے لیے غیرملکی کھلاڑی آ رہے ہیں، اجلاس میں کمشنر کراچی اور سیکریٹری داخلہ سے مختلف ایونٹ کے لیے حکمت عملی پر بات کی گئی ہے۔مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کی کاوش کے بعد گزشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوا تھا، جس کے لیے سندھ حکومت نے تمام چیزوں کا بہتر طریقے سے انتظام کیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہونا سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابی ہے۔مرتضی وہاب نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ نے کراچی میں منشیات پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور منشیات کی روک تھام سے متعلق بریفنگ لی۔وزیر اعلی سندھ کی زیرصدارت امن و امان کے اجلاس سے متعلق بات کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں اہم مسائل پر بات ہوئی ہے اور وزیر اعلی نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے امن و امان اور پولیس سے متعلق ہفتہ روزہ بریفنگ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے جب کہ کمشنر کراچی اور سیکرٹری داخلہ سے مختلف ایونٹ کے لیے حکمت عملی پر بات کی گئی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں