نظریاتی کشمکش اور میڈیا کے چیلنجز بدل گئے،حافظ نعیم الرحمن

پیر 21 جنوری 2019 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2019ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی جدوجہد کا نام ہے ۔ آج کے دور میں نظریات کی کشمکش کی شکل بدل گئی ہے اس حوالے سے ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے کہ دین کی بنیاد پر اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے مل کر جدوجہد کریں ،اس کے لیے کسی سیاسی تفریق کی ضرورت نہیں یہ ایک ایسا کام ہے جو بحیثیت مسلمان، ہم سب پر فرض ہے اور جماعت اسلامی اسی جذبے کے تحت اقامت دین کا کام کررہی ہے ، ہمیں مل جل کر اسلام کا عادلانہ نظام اور اقامت دین کی جدوجہد کرنا ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سکریٹری ارمان صابر ، جوائنٹ سکریٹری حنیف اکبر ، خزانچی راجہ کامران ،گورننگ باڈی کے ممبران اور کے یو جے کے عہدیداران و دیگر بھی موجود تھے۔ استقبالیے میں نائب امراء کراچی برجیس احمد اور ڈاکٹر اسامہ رضی ، ضلعی عبوری امراء سیف الدین ایڈوکیٹ ، محمد اسحاق خان، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، ڈپٹی سیکریٹریز نذیر الحسن ، صہیب احمد اوردیگر افرادبھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مسلسل کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہر سال کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مدعو کیا جاتا ہے اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہٴ خیال ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت صحافتی دنیا میں میڈیا ورکرز کا بہت براحال ہے ،حکومت کی میڈیا دشمن پالیسی کی وجہ سے مالکان نے ورکروں کی چھانٹی شروع کردی ہے جس کے باعث صحافی شدیدپریشانی کا شکار ہیں ایسی صورتحال میں کراچی پریس کلب کے عہدیداران کی اولین ذمہ داری ہے کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے آواز بلندکریں اور ان کے مسائل حل کریں۔

جماعت اسلامی میڈیا ورکرز کے ساتھ ہے اور ان کے مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ارمان صابر نے کہاکہ پریس کلب میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کررہا ہے اور جلد ان کے مسائل حل کرائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ دور ڈیجیٹل میڈیا کا ہے ہمیں موجودہ چیلنجز کا مقابلہ اسی انداز میں کرنا ہوگا اس کے لیے ہمیں صحافیوں کے لیے ایک پلیٹ فارم اور بہتر حکمت عملی بنانا ہوگی جسے ہم اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرسکیں اور موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرسکیں۔اس موقع پر کے یو جے کے صدر طارق ابوالحسن نے کہاکہ موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاسی کارکنوں اور صحافیوں کو ایک ہو کر کام کرنا ہوگا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں