میزان بینک کا ترسیلات کے نئے پراسیسنگ سسٹم کی تنصیب کیلئے کمپیوٹر ریسرچ پرائیویٹ کے ساتھ معاہدہ

بدھ 20 مارچ 2019 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2019ء) پاکستان کے پہلے،سب سے بڑے اسلامی اور بہترین بینک میزان بینک نے ترسیلات کے نئے پراسیسنگ سسٹم کی تنصیب کیلئے آئی ٹی کمپنی کمپیوٹر ریسرچ پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹوآفیسر عارف الاسلام اور کمپیوٹر ریسرچ پرائیویٹ لمیٹڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد جمیل شمسی نے دستخط کئے جبکہ اس موقع پر میزان بینک کے ہیڈ آف ٹریژری اینڈ ہوم ریمینٹس شہزاد عبداللہ، یونٹ ہیڈ ہوم ریمینٹس مہدی عباس ،گروپ ہیڈانفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ڈیجیٹل بینکنگ فیض الرحمٰن اور کمپیوٹر ریسرچ پرائیویٹ لمیٹڈکے چیف مارکیٹنگ آفیسر شاہد انجم بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت کمپیوٹر ریسرچ پرائیویٹ لمیٹڈ نے ترسیلات کی پراسیسنگ کیلئے ایک نئے نظام کی تنصیب کی ہے جو کیش کائونٹر پرآنے والے صارفین کو کیش حاصل کرنے کیلئے بائیو میٹرک تصدیق میں مدد فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ نظام ادائیگیوں کے نظام میں درکار مجموعی وقت کو کم کرنے کے علاوہ تصفیوں کے حل کیلئے پے منٹ آٹومیشن کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ بینک اور اس کے شراکت داروں کو کلائنٹ انٹی گریشن میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

اس نظام کے ذریعے بینک صارفین کے بارے میں مناسب احتیاط اختیار کرنے ، خطرات کم کرنے اور اپنی مرضی کے معیارات کو برقرار رکھنے کے قابل ہوجائے گا۔اس موقع پر میزان بینک کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹوآفیسر عارف الاسلام نے کہاکہ بیرون ممالک میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی ضرورت کو مدِّنظر رکھتے ہوئے اس سروس کو متعارف کرانے کا مقصد میزان بینک کااپنے گلوبل صارفین کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ترسیلات کے نئے پراسیسنگ سسٹم کی تنصیب اینٹی منی لانڈرنگ اور کائونٹرنگ فنانسنگ آف ٹیرورزم(AML/CFT) کی تعمیل کو یقینی بنانے کیلئے ایک قدم ہے۔ میزان بینک کا یہ ایک قابلِ اطمینان اقدام ہے جو بیرون ممالک کے صارفین کو اپنے پیاروں کیلئے رقم بھیجنے کیلئے آسان اور قابلِ اعتماد سروس فراہم کرے گا۔ اس موقع پر کمپیوٹر ریسرچ پرائیویٹ لمیٹڈکے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد جمیل شمسی نے ترسیلات کے نئے پراسیسنگ نظام کی تنصیب پر میزان بینک کی کاوشوں کو سراہا اور کہاکہ انہیں بہت خوشی ہے کہ پاکستان کے بینک جدید ٹیکنالوجی کی ترقی سے ہم آہنگ اور آراستہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں