ریحان ہاشمی کی جانب سے مسیحی برادری کو ایسٹرکی مبارکباد

اتوار 21 اپریل 2019 21:35

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے مذہبی ہم آہنگی کے جذبہ کے تحت مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے مختلف چرچز کا دورہ کیا، مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنمائوں اور چرچ انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات کی اور بلدیہ وسطی کی جانب سے تحائف بھی پیش کئے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی و خوبصورتی میں مسیحی برادری کا کردار اہمیت کا حامل ہے، خصوصاً مسیحی برادری کی طرف سے کراچی میں فراہم کی گئیں فلاحی خدمات قابل قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ وسطی کی انتظامیہ عوام کی بلاتفریق اور بے لوث خدمت کی قائل ہے، ہم مذہب و ملّت کی تفریق سے بالا تر ہوکر عوام کو بلدیاتی سہولیات مہیاکررہے ہیں تا کہ بلدیہ وسطی میں رہنے والے تمام مذہب و ملّت کے افراد اپنے اپنے دینی فرائض اور رسومات پٴْر امن ماحول میں بطریقِ احسن انجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں کراچی کے عوام برابر کے شریک ہیں، ایسٹر پر گرجا گھروں اور دیگر مقامات کے اطراف ہرممکن بلدیاتی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المذاہب، اخوت و یکجہتی کی فضا قائم کرکے شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ دریں اثناء ریحان ہاشمی نے سری لنکا میں ایسٹر کے تہوار کے موقع پر ہونے والے دہشت گردانہ بم حملوں کی شدید مذمت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب کسی انسان کی ناحق جان لینا ظلم سمجھتا ہے جبکہ سری لنکا میں 200 سے زائد انسانوں جان سے مارنا اور سیکڑوں افراد کو زخمی کردینا ظلم کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے سیکڑوں بے گناہ افراد کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کے لئے دعا کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں