شہرکی صفائی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے کمشنرکراچی اور تمام ڈپٹی کمشنر اقدامات کریں گے، وزیر بلدیات کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

اتوار 25 اگست 2019 18:35

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2019ء) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کمشنرکراچی کے دفتر میں شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے جائزہ اجلاس میں تفصیلی طور پر ان رکاوٹوں کا جا ئزہ لیا جس کی وجہ سے شہر میں صفائی کے کام میں دشواریوں کا سامنا ہے اور کوششوں کے باوجود مطلوبہ نتائج برآمد نہ ہو سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا رکاوٹیں دور کرنے کے لئے کمشنر کراچی اور تمام ڈپٹی کمشنرز اقدامات کریں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی، کمشنر کراچی افتخار شالوانی، میئر کراچی وسیم اختر، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمی کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان، رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، رکن صوبائی اسمبلی سدرہ عمران، مینجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسداللہ خان، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اے ڈی سنجنانی، ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، تمام ڈپٹی کمشنرز، تمام ضلعی بلدیات کے چیئرمینز، تمام بلدیات کے میونسپل کمشنرز، کنٹونمنٹ بورڈز کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شا ہ نے بلدیہ عظمی کراچی، ضلعی بلدیات اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ واٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کی موجودہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مربوط کوششیں کریں، تمام ادارے اپنا اپنا کردار آپس میں رابطہ و تعاون کے ساتھ اداکریں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ سٹرکوں اور گلیوں میں کچرہ جمع نہ رہے، جہاں جمع ہے اسے ترجیحی اقدامات کر کے لینڈ فل سائٹس تک پہنچائیں، تمام جی ٹی ایس سے جلد از جلد کچرہ اٹھانے کا نظام بنائیں اور ان مقامات پر جی ٹی ایس نہ بنائیں جس کی وجہ سے علاقہ میں تعفن پھیلے اورشہریوں کو تکلیف ہو۔

صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ بارش کی وجہ سے صفائی کی کوششیں متاثر ہونے کی وجہ سے سے شہریوں کو تکلیف ہوئی ہے، اسے دور کرنے کے لئے تمام ادارے اپنا اپنا موثر کردار ادا کریں، یقینی بنائیں کہ جلد از جلد صورتحال بہتر ہو اور شہریوں کو تکلیف سے نجات ملے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے صفائی کی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ صفائی کی صورتحال جلد از جلد بہتر بنائی جائے اور صفائی کا نظام ٹھیک کیا جائے۔

اجلاس میں ضلعی بلدیات کے چیئرمینز اور مختلف افسران نے صفائی کے نظام کی بہتری کے لئے مختلف تجاویز دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے موقع پر صفائی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے تمام ضلعی بلدیات اور متعلقہ ادارے محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف اور جلوس کے راستوں اور مجالس کے مقامات پر صفائی کے لئے ترجیحی کوششیں کر کے صفائی کو یقنی بنائیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام بلدیاتی ادارے محرم الحرام کے موقع پر امام بارگاہوں اور مساجد پانی کی فراہمی کے خصوصی اقدامات کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں