سفاری پارک میں کشمیر پوائنٹ کے نام سے بہترین تفریحی سہولت مہیا کی ہے ، میئر کراچی

اتوار 17 نومبر 2019 23:35

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر میں بچوں اور فیملی کی تفریح کے لئے بلدیہ عظمی کراچی نے سفاری پارک میں کشمیر پوائنٹ کے نام سے بہترین تفریحی سہولت مہیا کی ہے جبکہ دوسرے پارکوں میں بھی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، مذکورہ پوائنٹ پر کشمیر کے حسن اور خوبصورتی کی عکاسی کی گئی ہے اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمان کے ہمراہ سفاری پارک میں کشمیر پوائنٹ کے افتتاح کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے کشتی میں کشمیر پوائنٹ پر جا کر اس کا افتتاح کیا جس کے بعد 210 فٹ آبشار جھیل میں گرنے لگی۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ کشمریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کشمیر پوائنٹ تعمیر کیا گیا، یہ ایک پیغام بھی ہے کہ کراچی کے عوام کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ سفاری پارک میں کشمیر پوائنٹ 210 فٹ سے زائد بلند پہاڑی سے ایک خوبصورت آبشار کو چار ایکڑ رقبہ پر محیط سفاری جھیل میں گرایا گیا ہے، اس پوائنٹ میں سری نگر ڈل جھیل کا تصور پیش کیا گیا ہے، جہاں دریا جہلم ڈل جھیل میں گرتا ہے، جھیل میں کشتی رانی کی سہولت بھی ہو گی جس پر سیاح کشمیر پوائنٹ تک جا سکیں گے، جھیل میں کشتی رانی کو سری نگر ڈل جھیل میں شکارے کا تصور دیا گیا ہے،210 فٹ بلند پہاڑی پر کشمیر کی مناسبت سے درخت، پودے اور پھول دار بیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔

مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ سفاری پارک میں بڑی تعداد میں لوگ آ رہے ہیں اور یہ پارک کراچی کے عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پوائنٹ میں بہت اچھی تفریح مہیا کی گئی ہے، شہر میں بچوں کے لئے کوئی تفریح مرکز نہیں یہ سہولت سفاری میں مہیا کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفاری پارک میں لاکھوں کی تعداد میں پردیسی پرندے بھی آئے ہوئے ہیں جن کو تحفظ دیا گیا ہے اس سے بھی ماحول مزید خوبصورت ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر سمیت دیگر پارکوں میں بھی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، ہم محدود وسائل میں کراچی کے شہریوں کے لئے ہر ممکن سہولیات پہچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں بہت سے مسائل ہیں، سندھ حکومت مچھروں اور آوارہ کتوں کے خاتمے میں تعاون کرے۔دریں اثناء سفاری پارک میں جاری تین روزہ میلہ اتوار کی شب اختتام پذیر ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ میلے میں بلدیاتی منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں