سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے پی ایس ایل ایونٹ فائیوکے سلسلے میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کر لئے

اسٹیڈیم میں 250 لیٹر کی100 ڈسٹ بن،10 کیوبک کے 4 بڑے ڈسٹ بن ، اہم شاہراہوں پر مکینکل سوئپنگ و دیگر انتظامات کئے گئے

بدھ 19 فروری 2020 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) منیجنگ ڈائریکٹر ،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ، آصف اکرام کی ہدایت پر پی ایس ایل ایونٹ فائیو میچزکے سلسلے میں صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیںاس سلسلے میںسینیٹری ورکرز پر مشتمل عملہ اسٹیڈیم کے اندرصفائی کے انتظامات سنبھالے گا۔ میچ کے اختتام پر اسٹیڈیم کے اندر اور اطراف کی صفائی یقینی بنائی جائے گی ۔

میچ کے دوران سینیٹری ورکرز شفٹوں میں کام کریں گے، جبکہ اہم شاہراہوں پر مکینکل سوئپنگ بھی کی جائے گی ۔ دیگر تفصیلات میں اسٹیڈیم کے اندر 250 لیٹر کی100 ڈسٹ بن،10 کیوبک کے 4 بڑے ڈسٹ بن مین گیٹ پر لگائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ 4 تین ویلررکشہ، اور 2 آرم رولر بھی پی ایس ایل میچ کے دوران صفائی پر معمور ہونگے۔

(جاری ہے)

اہم شاہراہوں میں شاہراہ فیصل، کلفٹن، ائیرپورٹ، کارساز روڈ ، اسٹیڈیم روڈ، ڈالمیاروڈ، ڈرگ روڈ، یونیورسٹی روڈ ، حسن اسکوائر و دیگر اہم شاہراہیں شامل ہیں۔

اس سلسلے میںضلع ملیر ، شرقی اور جنوبی کو ہدایت کی گئی ہے کہ خصوصی توجہ دے کر صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔دریں اثناء ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے چائنیز کمپنیز کواہم شاہراہوں پرضرورت کے مطابق زائد عملہ و مشینری لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ایونٹ فائیوکراچی کے لئے ایک اہم موقع اور اعزاز کی بات ہے، شرکت کے لئے آنے والے مہمانوں اورشہریوں کوبہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند ماحول ہماری ترجیح ہے جس کے لئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں