کراچی،مسکن چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں بم دھماکہ، 5 افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

دھماکہ چارمنزلہ رہائشی عمارت کے پہلے فلور پر ہوا ، آواز دور دور تک سنی گئی ،زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ابتدائی طور پر واقعہ گیس سلنڈر پھٹنے کا معلوم ہوتا ہے،پولیس نے تحقیقات کیلئے علاقے کو سیل کردیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا واقعہ کا نوٹس ،ایڈمنسٹریٹر کراچی کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 21 اکتوبر 2020 20:58

کراچی،مسکن چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں بم دھماکہ، 5 افراد جاں بحق ،متعدد زخمی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2020ء) کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی مسکن چورنگی کے قریب رہائشی عمارت میں بم دھماکے سے 5 افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی مسکن چورنگی کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس سے 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئی ہیں دھماکہ چارمنزلہ رہائشی عمارت کے پہلے فلور پر ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دوفلور تباہ ہوگئے ہیں اور عمارت کے نیچے واقع نجی بینک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ نیچے کھڑی گاڑیاں بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔

دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے میں چار خواتین اور دوبچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی کے مطابق اس واقعے میں 5 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے ہیں۔دھماکے میں بینک کا عملہ بھی زخمی ہوا ہے اور بلڈنگ کا گارڈ بھی شہید ہوا ہے۔زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

جبکہ ریسکیو حکام نے متاثرہ عمارت میں رہائش پزیر افرادکو نکالنے کا کام شروع کردیا ہے۔پولیس نے تحقیقات کیلئے علاقے کو سیل کردیا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ گیس سلنڈر پھٹنے کا معلوم ہوتا ہے۔جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیکر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں