کراچی میں فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ کے پاس آگ بجھانے کے لیے پانی ختم

کراچی شہر میں موجود فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں خراب ہیں اور صرف نو گاڑیاں کار آمد ہیں، کئی گاڑیاں مرمت کے لیے بھجوائی گئی ہیں، ریسکیو حکام

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 26 اکتوبر 2020 23:47

کراچی میں فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ کے پاس آگ بجھانے کے لیے پانی ختم
کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء) کراچی کے علاقے والیکا چورنگی میں فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، فائر بریگیڈ آگ پر قابو پانے میں ناکام، گاڑیوں میں پانی ختم ہوگیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق والیکا چورنگی میں ہسپتال کے نزدیک فیکٹری میں لگی آگ کئی گھنٹے تک بجھائی نہ جا سکی۔ ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری سے تمام ملازمین کو بحافظت باہر نکال لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔

ریسکیو ورکرز آگ بھجانے میں مصروف ہیں لیکن ان کے پاس وسائل کی کمی کی وجہ سے آگ پر قابو نہ پایا جا سکا ۔ ریسکیو گاڑیوں میں پانی ختم ہونے کے باعث آگ بھجانے کا عمل متاثر ہوا ہے ۔ واٹر بورڈ سے مزید واٹر ٹینکرز منگوا لیے گئے ہیں جس سے آگ پر قابو پایا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ فیکٹری کی پہلی منزل پر لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے ہر طرف پھیل گئی۔

ابھی تک یہ نہیں پتہ چل سکا کہ آگ کیسے لگی۔ واضح رہے کہ اس وقت کراچی شہر میں موجود فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں خراب ہیں اور صرف نو گاڑیاں کار آمد ہیں ۔ ان میں سے کئی گاڑیاں مرمت کے لیے بھجوائی گئی تھیں جو ابھی تک واپس فعال حالت میں نہیں آ سکی ہیں ۔ اگر کراچی میں ایک سے زیادہ جگہ آگ لگ جائے تو انتظامیہ کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ دوسری جگہ پر آگ پر قابو پایا جا سکے۔ پیر کے روز ہونے والے دو واقعات میں ہی ریسکیو کے پاس وسائل ختم ہو گئے جبکہ آگ کے شعلے بھڑکتے رہے۔                                                                      

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں