سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستانی نوجوانوں کی تنظیم پاکبان کی جانب سے تقریب سجائی گئی

جس میں نوجوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دیار غیر میں رہ کر پاکستان کی عظمت اور خوشحالی کے لئے کام کرتے رہیں گے

Urooj Asghar عروج اصغر جمعرات 24 جون 2021 11:33

سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستانی نوجوانوں کی تنظیم پاکبان کی جانب سے تقریب سجائی گئی
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2021ء) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقعہ پر پاکبان کے صدر عمران صدیقی اور میڈیا ڈائریکٹر ذکاءاللہ محسن ،سید کاشف حسین اور سمیرہ عزیز نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں نوجوان طبقہ سوشل میڈیا پر مثبت سرگرمیوں کو جاری رکھ کر معاشرے کی اصلاح و احوال کا کام باخوبی سرانجام دے سکتا ہے اور دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو ابھارتے ہوئے ایک اچھے پاکستانی ہونے اور ملک کا نام روشن کرنے میں بھی کردار ادا کرسکتا ہے

ہماری نوجوان نسل ملک کا اثاثہ ہے جس نے ہمیشہ اندرون اور بیرون ممالک رہ کر اپنی صلاحیتوں کے ذریعے خود کو منوایا ہے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی نوجوان ہر شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھ رہے ہیں اور پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں کردار نبھا رہے ہیں تقریب میں سعودی اور پاکستانی میڈیا سے منسلک صحافیوں کے علاوہ مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانی نوجوانوں میں اعزازی شیلڈ بھی دی گئیں تقریب میں  نوجوانوں نے مزاح سے بھرپور خاکے بھی پیش کیے جبکہ تقریب سے راحیلہ انعام، ذیشان احسان، عالیہ زار خان، بسما خٹک، ہانا عارف، خالد محمود، نرجس بلال، نادیہ چوہدری، بسام خالد نے اظہار خیال کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں