حکومت سندھ بلدیاتی ملازمین کو بھی صوبائی ملازمین کے مساوی حقوق و مراعات جاری کرے، قائدین میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس

اے جی سندھ سے تنخواہیں، پنشن، یوٹیلٹی الائونس، ہیلتھ کارڈ، ہائوسنگ اسکیم، فوتگی کوٹے پر بھرتی کا اختیار سمیت مراعات دی جائیں

اتوار 24 اکتوبر 2021 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے قائدین محترمہ کنیز فاطمہ، سید ذوالفقار شاہ، اشرف اعوان، جاوید بلوچ، گل اسلام، یوسف انجم، منظور تنولی، راجہ عاصم شہزاد، حبیب الرحمن، غلام حسین شاہ، عبدالحمید اعوان، وارث گلناز، عبید علی، محمد علی ملک اور دیگر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے بلدیاتی ملازمین کو اچھوت اور دوسرے درجے کے ملازم کی حیثیت دے رکھی ہے۔

تمام حقوق و مراعات صوبائی ملازمین خصوصاً سی ایم ہائوس، سی ایس ہائوس، گورنر ہائوس، سیکریٹریٹ ایمپلائز کو دی جارہی ہیں جبکہ بلدیاتی ملازمین کو تنخواہیں، پنشن بھی بھیک کی طرح گرانٹ کی صورت میں دی جاتی ہے۔ برقت گرانٹ جاری نہ ہونے پر تنخواہیں تاخیر کا شکار ہوجاتی ہیں اور مذہبی تہوار بھی اکثر سوگوار گزر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلدیاتی ملازمین کو علاج معالجے، رہائش، آمد و رفت، یوٹیلٹی الائونس سمیت دیگر مراعات سے محروم رکھا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی ملازمین کے مساوی حقوق و مراعات بلدیاتی ملازمین کو بھی دی جائیں۔ تنخواہوں، پنشن کی ادائیگی میں شفافیت اور بروقت ادائیگی لانے کیلئے اے جی سندھ (ٹریژری) سے تنخواہیں پنشن ادا کی جائے۔ یوٹیلٹی الائونس، ہیلتھ کارڈ ہائوسنگ اسکیم کا حق دیا جائے۔ فوتگی کوٹے پر بھرتی کا اختیار متعلقہ ادارے کو دیا جائے۔ اپ گریڈیشن، ٹائم اسکیل اور پروموشن کے بھی ٹائم فریم مقرر کیے جائیں۔ تمام سروسز کے اداروں کو یکجا کرنے کیلئے اداروں کے درمیان کو آرڈینیشن قائم کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں