حلیم عادل شیخ کا لاپتہ بچے کے قتل پر اظہار افسوس ،گھناؤنے جرم میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کامطالبہ

جمعرات 20 جنوری 2022 19:14

حلیم عادل شیخ کا لاپتہ بچے کے قتل پر اظہار افسوس ،گھناؤنے جرم میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کامطالبہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کراچی میں ایک اور لاپتہ بچے کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ اس گھنانے جرم کے مرتکب افراد کو جلد از جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔حلیم عادل شیخ جمعرات کو عباسی شہید اسپتال پہنچے جہاں معصوم بچے حسبان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے لائی گئی۔

چار سالا حسبان 12 جنوری کو کراچی کے علاقے سرجانی ٹان سے لاپتہ ہوا تھا اور جمعرات کی صبح اس کی لاش ندی سے برآمد ہوئی ہے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے سوگوار لواحقین سے ملاقات کی، انہیں تسلی دی اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ حلیم عادل نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دل دہلا دینے والا افسوسناک واقعہ ہے۔

(جاری ہے)

معصوم بچہ کچھ روز قبل لاپتہ ہوا تھا اگر اسے تلاش کیا جاتا تو اسے زندہ مل سکتا تھا لیکن آج بچے کی لاش ندی میں تیرتی ہوئی ملی۔

بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال میں موجود تھی اور پولیس کہہ رہی تھی کہ ایم ایل او دستیاب نہیں جبکہ دفتر میں بیٹھا ایم ایل او الزام لگا رہا تھا کہ پولیس موجود نہیں، حلیم عادل شیخ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا نظام بے حس ہوچکا ہے اس سے قبل یہی صورت حال ناظم جوکھیو اور شاہ لطیف ٹان میں ڈکیتی کے دوران ہلاک ہونے والی ایک کمسن بچی کے کیسوں میں بھی دیکھی گئی تھی جب لاشیں مردہ خانے میں رکھی گئی تھیں اور ایم ایل او طبی قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے دستیاب نہیں تھے، انہوں نے یاد دلایا کہ ایم ایل او عباسی شہید ہسپتال نے بھی اسی غفلت کا مظاہرہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے سالانہ بجٹ میں محکمہ صحت کے لیے 250 ارب روپے مختص کیے گئے تھے تاہم متوفی بچے کے ورثا سے کہا گیا کہ وہ لاش کے پوسٹ مارٹم کے لیے ضروری سامان کا بندوبست کریں۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں معصوم بچے غیر محفوظ ہیں کیونکہ چند روز قبل ایک بچے عبدالرحمان کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے ڈی آئی جی کراچی ویسٹ ناصر آفتاب اور ایس ایس پی سینٹرل کی سربراہی میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہا جنہوں نے عبدالرحمن کے قتل کے تین ملزمان کو جلد گرفتار کیا ہے۔

حلیم عادل نے کہا کہ ہم نے ایسے گھنانے جرائم کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے پر زور دیا تھا تاکہ وہ دوسروں کے لیے مثال بن سکیں لیکن کچھ لوگوں نے اس کی مخالفت کی، حلیم عادل شیخ نے معاشرے میں ایسے گھنانے جرائم کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا تاکہ مجرموں کی دلوں میں خوف پیدا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مقتول حسبان کے ورثا کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں