این اے 245 کا ضمنی انتخاب،ایم کیو ایم پاکستان کی فاروق ستار کو پتنگ کے نشان پر حصہ لینے کی پیشکش

ایم کیو ایم پاکستان اور فاروق ستار کے درمیان مذاکرات جاری، فاروق ستار ضمنی انتخاب آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑنے کے خواہشمند

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 29 جون 2022 15:03

این اے 245 کا ضمنی انتخاب،ایم کیو ایم پاکستان کی  فاروق ستار کو پتنگ کے نشان پر حصہ لینے کی پیشکش
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔29 جون 2022ء ) ایم کیو ایم پاکستان نے این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں فاروق ستار کو پتنگ کے نشان پر حصہ لینے کی پیشکش کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اور فاروق ستار کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ فاروق ستار ضمنی انتخاب آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑنے کے خواہشمند ہے جبکہ ایم کیوایم فاروق ستار کو پتنگ پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے پر زور دے رہی ہے۔

فاروق ستار نے ایم کیو ایم سے انہیں آزاد امیدوار کے طور پر سپورٹ کا مطالبہ کیا اور وہ ایم کیو ایم کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ بحالی تحریک کے سربراہ فاروق ستار کا بھی عامر لیاقت کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا ، سابق وفاقی وزیر نے این اے 245 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار کے کاغذات نامزدگی سابق ایم این اے ڈاکٹر نگہت شکیل نے جمع کرائے ، جن کے تجویز کنندہ عبدالطیف اور تائید کنندہ عمرفاروق ہیں ، اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے بھی 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہین ، ایم کیوایم امیدواروں میں ڈاکٹر شہاب امام ، افشاں قمبر اور کرن مسعود شامل ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کی طرف سے بھی 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، فارم جمع کرانے والوں میں محمد دانش خان ، فرخ نیاز تنولی اور قمر احمد خان شامل ہیں جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے پارٹی ٹکٹ اسد عثمانی کو دیا گیا ہے ۔

خیال رہے کہ ڈاکٹرفاروق ستار نے 2018ء کے عام انتخابات میں اسی حلقے سے ایم کیو ایم پاکستان کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا تھا لیکن اس وقت انہیں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے ہاتھوں تقریباً 20 ہزار ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں