تعلیمی اداروں، کارپوریٹ میں روابط انتہائی ضروری ہیں،یونس ڈھاگہ

’’ای ایف پی بریک تھرو چیلنج 2021 ‘‘ پل کا کردار ادا کرنے کی جانب ایک قدم ہے، فصیح الکریم صدیقی

پیر 6 دسمبر 2021 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) سابق سیکریٹری خزانہ اور ڈائریکٹر ای ایف پی اکنامک کونسل محمد یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ افرادی قوت کی مطلوبہ مہارت کے حصول کے لیے تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ میں روابط انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جو پاکستان کی معاشی ترقی کا باعث بنے گا اور آنے والے کل کے لیے صنعتکار پیدا کرے گا نیز برآمدات میں تیزی سے اضافے کا باعث بھی بنے گا۔

انہوں نے ’’ای ایف پی بریک تھرو چیلنج2021-‘‘ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے پہلی کارپوریٹ کیس اسٹڈی مقابلے کے انعقاد پر ای ایف پی ٹیم کی تعریف کی جس میں کراچی کے 4 سرکردہ بزنس اسکولوں نے حصہ لیااور 3 ملٹی سیکٹوریل کیس اسٹڈیز پر اپنے نتائج پیش کیے گئے۔انہوں نے کارپوریٹ پارٹنرز، دبئی اسلامک بینک پاکستان، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور فوڈ پانڈا کی جانب سے شرکاء کے لیے کیس اسٹڈیز تیار کرکے ایونٹ میں تعاون کرنے کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

سینئر ایڈوائزر ای ایف پی فصیح الکریم صدیقی نے معلومات کی منتقلی، تحقیق اور شواہد پر مبنی نتائج کا اشتراک اور اپرنٹس شپ پروگرامز کے ذریعے کارپوریٹ اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ ای ایف پی بریک تھرو چیلنج 2021 ایک پل کا کردار ادا کرنے کی جانب ایک قدم ہے جو موجودہ خلا کو پر کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

ای ایف پی کے قائم مقام صدر ذکی احمد خان نے یونیورسٹی کے بورڈ میں صنعتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کرکے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے اور فیکلٹی ممبرز کو کارپوریٹ دفاتر میں کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے تعلیمی اداروں کے شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ نے تینوں سیشنز میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کے بعد افتتاحی مقابلہ جیتا۔شرکاء نے طلباء کو کارپوریٹ ایکسپوژر حاصل کرنے کے لیے عملی طور پر ایک ربط پیدا کرنے پر ای ایف پی کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں