سندھ اسمبلی، اپوزیشن جماعتوں کا وزارت اعلی ٰکے لیے جی ڈی اے، اسپیکر کے لئے ایم کیو ایم اور ڈپٹی اسپیکر کے لئے پی ٹی آئی کا امیدوارنامزد کر نے کا فیصلہ

پیر 13 اگست 2018 23:56

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے وزارت اعلی ٰکے لیے جی ڈی اے کا امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اسپیکر کے لئے ایم کیو ایم جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لئے پی ٹی آئی کا امیدوار نامزد کیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی اجلاس کے پہلے روز حلف برداری کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت اعلی کے انتخاب کے لئے جی ڈی اے اپنا امیدوار نامزد کرے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی تحریک انصاف خرم شیرزمان نے بتایا کہ سندھ اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعلیٰ کے لیے امیدوارکی نامزدگی کا اختیارجی ڈی اے کودے دیا ہے، اس سے قبل وزارت اعلیٰ کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے امیدوارلانے پرمشاورت ہوئی تھی تاہم اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ کے لیے جی ڈی اے اپنا امیدوارنامزد کرے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی کے اسپیکرکے لیے متحدہ قومی موومنٹ اپنا امیدوارنامزد کرے گی جبکہ ڈپٹی اسپیکرکے لیے تحریک انصاف کا امیدوارحکومتی رکن کا مقابلہ کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا ہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں