متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے تحریکِ انصاف سے کیئے گئے مطالبے سامنے آگئے

ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیاہے کہ اسے وفاق میں دو وزارتیں دی جائیں، نجی ٹی وی چینل کا دعویٰ

منگل 14 اگست 2018 15:00

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے تحریکِ انصاف سے کیئے گئے مطالبے سامنے آگئے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے تحریکِ انصاف سے کیئے گئے مطالبے سامنے آگئے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیاہے کہ اسے وفاق میں دو وزارتیں دی جائیں۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان پی ٹی آئی حکومت کی وفاقی کابینہ کا حصہ بننا چاہتی ہے، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے وفاقی کابینہ میں 2 وزارتیں دی جائیں۔

(جاری ہے)

یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں عمران خان کی جانب سے نو منتخب ارکانِ قومی اسمبلی کو عشائیے کی دعوت دی گئی اور اس میں ایم کیو ایم کے وفد نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے شعبہ تعلیم، صحت یا انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی)کی وزارتوں میں سے کوئی دو وزارتیں مانگی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر پی ٹی آئی کی اعلی قیادت غور کر رہی ہے، تاہم ایم کیو ایم کو کابینہ میں کتنا حصہ ملے گا، اس کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔

عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں ایم کیو ایم پاکستان کی طرف سے شرکت کرنے والے وفد میں ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی، اقبال محمد علی، کشور زہرہ، امین الحق اور اسامہ قادری شامل تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں