گستاخانہ خاکے ناقابل برداشت ہیں ،ْ مسلم حکمران مشترکہ مؤقف اختیار کریں،محمد حسین محنتی

طلبہ تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کریں،وروزہ تربیتی اجتماع سے خطاب

جمعہ 17 اگست 2018 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں، مدار س کے طلبہ نبی آخر الزماں کی شخصیت پر بنائے گئے گستاخانہ خاکوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں،دنیا بھر کے مسلم حکمران اس مذموم اقدام پر مشترکہ مؤقف اختیار کریں ،جمعیت طلبہ عربیہ مختلف زبان اور مختلف قومیت سے تعلق رکھنے والوں کا خوبصورت گلدستہ ہے ،طلبہ تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کریں، جمعیت طلبہ عربیہ کا نصب العین دین کی دعوت ہے ، دینی مدارس کے طلبہ خراج تحسین کے مستحق ہیں جو تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ اللہ کے دین کی سربلندی اور عوام کو متحد اور متفق کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں، یہی طلبہ مستقبل میں ملک کے معمار ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کراچی کے تحت جامع مسجد گلبرگ میں دو روزہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی اجتماع سے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے معاون امین عام سہیل ناصر ،جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے امیر نعیم اللہ منگریو ،منتظم جمعیت طلبہ عربیہ کراچی کاشف شبیر، صہیب عادل ،سابق منتظمین جمعیت طلبہ عربیہ کراچی مولانا فیصل عادل ،مولانا ظہیر عباس اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ خراج تحسین کی مستحق ہے جنہوں نے کارکنان کے لیے دو روزہ تربیت گاہ کا انعقاد کیا امید ہے کہ کارکنان تربیت گاہ سے واپس لوٹ کر دعوت دین کے کام کو آگے بڑھائیں گے ،نبی کریم ؐ نے دعوت دین کے میدان میں انتہائی نرمی اور برداشت کے ساتھ کام کیا یہی خصوصیت جمعیت طلبہ عربیہ کے تمام ذمہ داران اور کارکنان کے اندر ہونی چاہیے ۔

سہیل ناصر نے جمعیت طلبہ عربیہ کراچی کے نظم کو تربیت گاہ منعقد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کے ذہنوں کے اندرغلاظت بھری جارہی ہے ،ان کے ہاتھوں سے قلم وکتاب چھین کر تباہی کا سامان بننے والی چیزیں دی جا رہی ہیں ، کارکنان دعوت دین کے میدان میں علم کے اسلحے سے لیس ہوکر دعوت کو پھیلائیں۔نعیم اللہ منگریو نے کہاکہ کارکنان کے لیے ضروری ہے کہ وہ تربیت گاہ سے مستفید ہوکر معاشرے میں اصلاح اور خیر کاکام کریں اور جمعیت طلبہ عربیہ کا اصل اور حقیقی مقصد یہی ہے کہ معاشرے میں اسلامی نظام کے نفاذ کو ممکن بنایا جاسکے ۔

صہیب عادل نے کہا کہ امیر ، غریب بوڑھے اور جوان سب کو ایک جتنا وقت ملتا ہے کمال یہ ہے کہ وہ اس وقت کو کس طرح استعمال کرتا ہے ،کارکنان وقت کی اہمیت کا اندازہ کرتے ہوئے اپنے وقت کو قیمتی بنائیں اور معاشرے میں اصلاح کا کام کریں ۔کاشف شبیر نے کہا کہ میں تمام کارکنان کو مبارکبادپیش کرتا ہوں جوپورے عزم و ہمت کے ساتھ دو دن سے تربت گاہ میں شریک رہے میں اور امید ہے کہ کارکنان تربیت گاہ سے مستفید ہوکر معاشرے میں دعوت دین کو عام کریں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں