کراچی میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس ،ْ

23 سالہ نوجوان جناح ہسپتال میں زیرِ علاج قربانی کے جانور خریدتے وقت اور قربانی کرتے ہوئے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ،ْ ڈاکٹر سیمی جمالی

پیر 20 اگست 2018 14:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) کراچی میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، جہاں نیو کراچی کا رہائشی نوجوان جناح ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔جناح ہسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق نیو کراچی کے رہائشی 23 سالہ سلمان کو ہفتے کے روز ہسپتال لایا گیا تھاجس کے ٹیسٹ کے بعد اس کے جسم میں کانگو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

سیمی جمالی کے مطابق اس سے قبل جناح اسپتال میں اس سال کانگو سے متاثرہ 8 مریض لائے گئے تھے، جن میں سے دو انتقال کر گئے۔ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانور خریدتے وقت اور قربانی کرتے ہوئے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ماہرین کے مطابق ہڈیوں اور پیٹ میں درد، تیز بخار اور جسم کے کسی بھی حصے سے خون آنا کانگو کی علامات ہیں۔

(جاری ہے)

رواں ماہ کے آغاز میں محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے الرٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں عوام الناس کو مویشی منڈی جانے سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ،ْایڈوائزری میں ہدایت کی گئی کہ مویشی منڈی جاتے ہوئے ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہنیں اور جسم کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں۔ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ کانگو وائرس کی چھچڑ جانور کی کھال پر موجود ہوتی ہے، لہذا جانور کو ہاتھ لگانے سے قبل دستانے ضرور استعمال کریں۔ واضح رہے کہ کانگو کا مرض ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں