مملکت سعودی عرب مرکز اسلام ہے، قاری محمد عثمان

حرمین الشریفین میں برسنے والی رحمتوں سے پوری دنیا سیراب ہو رہی ہے۔خادم حرمین الشریفین کی دنیا بھر کے عازمین حج و عمرہ کی گراں قدر خدمات پر عالم اسلام کا ہر فرد سلام پیش کرتا ہے،صوبائی نائب امیر جمعیت علمائے اسلام

پیر 24 ستمبر 2018 22:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ مملکت سعودی عرب مرکز اسلام ہے جہاں حرمین الشریفین میں برسنے والی رحمتوں سے پوری دنیا سیراب ہو رہی ہے۔خادم حرمین الشریفین کی دنیا بھر کے عازمین حج و عمرہ کی گراں قدر خدمات پر عالم اسلام کا ہر فرد سلام پیش کرتا ہے۔سعودی عرب کے حکمرانوں نے ہمیشہ حرمین الشریفین کے خادم بن کر امت مسلمہ کے ہر فرد کی دعائیں لی ہیں۔

سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں قاری محمد عثمان نے کہاکہ سعودی عرب ہی وہ مملکت ہے جس نے ہرقسم کے چیلنجز اور مشکل وقت میں امت مسلمہ کی نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔آج بھی پوری دنیا کے مسلمان سعودی عرب کو اتحاد امت کیلئے امید کی کرن سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہی خاندان سے دنیا بھر کے مسلمان بجا طور پر یہ توقع رکھتے ہیں کہ آج کے خادم حرمین الشریفین ملک شاہ سلمان بن عبدالعزیز اپنے شاندار ماضی کے حقیقی وارث وامین بن کر امت مسلمہ کو درپیش مسائل وچیلینجز سے نمٹنے کیلئے امامت کبریٰ کا حق ادا کرتے ہوئے دنیائے کفر کے مقابلے میں امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے قائدانہ کردار ادا کریں گے۔

قاری محمد عثمان نے کہاکہ آج بھی مسلم ممالک کے مظلوم مسلمانوں کی نظریں مملکت سعودی عرب پر لگی ہوئی ہیں۔جہاں بھی ملت کفر کی ایما پر مسلمانوں پر ظالم حکمرانوں نے عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے وہاں سعودی عرب کے اخلاقی و مالی تعاون ہی سے مظلوم مسلمانوں کیلئے بحالی کے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ قاری محمد عثمان نے کہاکہ حرمین الشریفین کی حفاظت اور تحفظ کیلئے پاکستان کا بچہ بچہ ہمہ وقت تیار ہے۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے تعلق اور محبت کو ہر مسلمان اپنے اوپر فرض سمجھتے ہوئے حرمین الشریفین کے تحفظ کو جزئ ایمان سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین الشریفین اور پوری مملکت سعودی عرب کو قومی دن کے موقع پر پوری پاکستانی قوم مبارکباد پیش کرتی ہے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں