ہمدرد بچوں کے مفت علاج کیلئے برنس سینٹر کو سالانہ ایک کروڑ روپے فراہم کریگا

یہ پاکستان کا واحد سینٹر ہے جہاں جلنے والے افراد کا جدید اور سو فیصد مفت علاج کیا جاتاہے،تقریب سے سعدیہ راشد، زاہد سعیدو دیگر کا خطاب

بدھ 26 ستمبر 2018 17:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) ہمدرد فائونڈیشن برنس سینٹر سول ہسپتال میں آگ سے جلے ہوئے بچوں کے مفت علاج کیلئے سالانہ ایک کروڑ روپے فراہم کرے گا۔یہ عطیہ برنس سینٹر میں پیڈیاٹرک آئی سی یو، ایچ ڈی آئی یو میں زیر علاج بچوں کے علاج، آپریشن اور انکی بحالی پر خرچ ہونگے۔اس سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جسمیں ہمدرد فانڈیشن کی صدر سعدیہ راشد، فرنیڈز آف برنس سینٹر کے صدر زاہد سعید، معروف مزاح نگار انور مقصود، عبداللہ فروز، ڈائو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکڑ سعید قریشی، سندھ ہیلتھ فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکڑ ٹیپو سلطان، فرحان حنیف، نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ کے صدر محمد نعیم قریشی، سیلم مغل، عظمت اتاکا اور دیگر شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

تقریب میں معاہدے پر دستخط سعدیہ راشد اور زاہد سعید نے کئے۔ہمدرد ہر سہ ماہی میں 25لاکھ روپے برنس سینٹر کو فراہم کریگااور علاج معالجے کی نگرانی بھی کریگا۔اس موقع پر سعدیہ راشد نے جلنے والے مریضوں کے جدید علاج کیلئے برنس سینٹر کی خدمات کو سراہا ۔ زاہد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پاکستان کا واحد سینٹر ہے جہاں مریضوں کا علاج سو فیصد مفت ہوتا ہے اور اس مشن میں بہت سے فلاحی ادارے اور مخیر حضرات برنس سینٹر سے تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایشیاء کے اس سب سے بڑے برنس سینٹر میں 2017میں ایک لاکھ 29ہزار سے زائد افراد کا او پی ڈی میں علاج کیا گیا اور 10ہزار آٹھ سو سے زائد مریضوں کو داخل کیاگیا اور یہاں پر ایک مریض پر روزانہ دس سے پندرہ ہزار روپے خرچ کیا جاتا ہے۔یہاں پر 3آئی سی یوز، 2آپریشن تھیٹر اور ایمرجنسی آپریشن تھیٹر کام کررہا ہے۔انہوں نے مالی تعاون کی فراہمی پر سعدیہ راشد کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر مہمانوں کو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کرایا گیا اور ادارے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آگ سے بچائو اور حفاظت کیلئے شعور بیدار کرنے اور مہم چلانے پر بھی زور دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں