جامعہ کراچی: جرمنی کے قونصل جنرل یوگن وولفرتھ کی وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خان سے ملاقات

جمعرات 15 نومبر 2018 23:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2018ء) جرمنی کے قونصل جنرل یوگن وولفرتھ نے گذشتہ روز جامعہ کراچی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ دورانِ ملاقات فیکلٹی ایکسچینج پروگرام اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ جامعہ کراچی اور جرمنی کی جامعات کے مابین تعلقات مضبوط ہونے چاہیئے اور طلبہ واساتذہ کا ایکسچینج پروگرام ہونا چاہیئے جس سے دونوں ممالک کے طلبہ اور اساتذہ کو بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے جامعہ کراچی کی تدریسی وتحقیقی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفینگ دی جس کو قونصل جنرل نے بے حد سراہا۔ ڈاکٹر اجمل نے کہا کہ دیگر شعبہ جات میں بھی ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں، جس پر جرمنی کے قونصل جنرل نے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ مستقبل میں ہمارے تعلقات مزید بہتر ہوں گے ، یہ آغاز ہے ہم اپنے تعلقات مزید مستحکم کریں گے۔

(جاری ہے)

بعدازاں جرمنی کے قونصل جنرل یوگن وولفرتھ نے جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم کے زیر اہتمام منعقدہ شجرکاری مہم کا افتتاح پودا لگا کر کیا اور کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی جرمنی کی معاشی ترقی کی پالیسی کے اہم نکات ہیں۔ شجرکاری ایک صاف اور ماحول دوست معاشرے اور ہم سب کی صحت کے لئے انتہائی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں