شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف سب سے بڑے آپریشن جاری

جامع کلاتھ کی مشہور فریم مارکیٹ اور ڈوپٹہ گلی میں تقریباً 250 غیر قانونی دکانیں اور مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا

منگل 20 نومبر 2018 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2018ء) شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف سب سے بڑے آپریشن کے سولہویں روز منگل کے دن شہر کے معروف علاقے جامع کلاتھ کی مشہور فریم مارکیٹ اور ڈوپٹہ گلی میں تقریباً 250 غیر قانونی دکانیں اور مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا جبکہ لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے اطراف تقریباً 20 دکانوں کی دیواریں جو فٹ پاتھ پر تعمیر کی گئی تھیں انہیں بھی منہدم کردیا گیا، سپریم کورٹ کے احکامات پر شہر میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے دیگر شہری اداروں کے ہمراہ غیر قانونی تعمیرات اور مختلف اقسام کے تجاوزات کے خلاف یہ تیسرا بڑا آپریشن تھا اس سے قبل ایمپریس مارکیٹ کے اطراف اور لنڈا بازار کی غیر قانونی دکانوں کو صاف کیا گیا تھا، تجاوزات کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں بلا امتیاز اور بلا تفریق بھرپور کارروائی جاری ہے جسے مختلف اداروں میں مضبوط اور منظم رابطے کے باعث کامیابی کے ساتھ جاری رکھا ہوا ہے اور اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں غیر قانونی دکانیں اور تجاوزات صاف کردیئے گئے ہیں، تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے نگراں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے منگل کو ہونے والی انسداد تجاوزات کا رروائی کے حوالے سے بتایا کہ جامع کلاتھ کی فریم مارکیٹ اور ڈوپٹہ گلی کی مجموعی طور پر 130 دکانیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ اسٹیٹ کے پاس رجسٹرڈ ہیں جبکہ مذکورہ دکانداروں نے دکان کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے ایک دکان کے دو حصے بھی بنادیئے تھے اور ان دکانوں کو فٹ پاتھوں تک لے آئے تھے لہٰذا ان دونوں گلیوں میں تقریباً ڈھائی سو غیر قانونی دکانوں کوبلدیہ عظمیٰ کراچی نے بھاری مشینری کے ساتھ منہدم کردیا جس میں محکمہ انسداد تجاوزات سمیت دیگر اداروں کی افرادی قوت بھر پور طریقے سے شریک ہے، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن ایک مربوط ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس کے تحت کارروائی کو آگے بڑھا یا جارہا ہے سپریم کورٹ نے شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے حوالے سے جو احکامات جاری کئے ہیں ان پر من و عن عمل کیا جارہا ہے، ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے مزید بتایا کہ بہت سارے دکانداوں اور کاروباری حضرات نے ان کے علاقوں میں انسداد تجاوزات کارروائی ہونے سے قبل ہی اپنی بڑھی ہوئی دکانوں کو نہ یہ کہ صرف پیچھے کرلیا ہے بلکہ فٹ پاتھوں پر رکھا ہوا سامان بھی دکانوں کے اندر رکھنا شروع کردیا ہے جوکہ خوش آئند اقدام ہے اس طرح وہ ممکنہ نقصان سے بچ سکتے ہیں، انہوں نے دکانداروں اور کاروباری حضرات سے اپیل کی کہ وہ از خود تعاون جاری رکھتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیں اور فٹ پاتھوں پر رکھے ہوئے سامان کو بھی وہاں سے ہٹالیں کیونکہ شہر کے تمام ادارے ایک پیج پر یکجا ہیں اور سب یہی چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل طور پر عملدرآمد کرایا جائے اور شہر کو تجاوزات سے پاک کرکے اس کی اصل خوبصورتی کو بحال کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں