انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کی اس نے کوشش کی ہوتی ہے

ملنے والوں کو ہمیشہ محبت و خلوص بانٹا ہے اور آج وہی سمیٹ رہا ہوں کمانڈر (ر) روشن خیال کا اپنے اعزاز میں منعقدہ ’’ بیٹھک‘‘ سے خطاب

بدھ 24 اپریل 2019 17:15

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پاکستا ن نیوی کے سابق کمانڈر، ممتاز سماجی شخصیت اور معروف شاعر حمایت علی شاعر کے صاحبزادے کمانڈر (ر) روشن خیال نے کہا ہے کہ ماضی میں جس محبت اور خلوص کا بیج بویا تھا آج اس کی فصل کاٹ رہا ہوں، ریٹائرڈ ہونے کے باوجود میرے چاہنے والے دوست احباب اتنی بڑی تعداد میں مجھے یاد رکھیں گے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کی اس نے کوشش کی ہوتی ہے میں نے اپنے والدین کی تربیت کے نیتجے میں ملنے جلنے والوں کو ہمیشہ محبت اور خلوص بانٹا ہے اور آج وہی خلوص اور محبت سمیٹ رہا ہوں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سٹی تھنکرز فورم اور کراچی پریس کلب کے تعاون سے پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب ’’ بیٹھک‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے ممتاز شخصیات، سینئر صحافی مختار عاقل، محمود احمد خان، عارف شفیق، علائو الدین خانزادہ، کراچی پریس کلب کے سیکریٹری ارمان صابر، معروف دانشور ڈاکٹر عالیہ امام اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

سینئر صحافی طاہر نجمی، رفیق شیخ، عطاء محمد تبسم، عبدالوسیع قریشی، آصف جے جا، عمران صدیقی، بچوں کے ادب کے ممتاز مصنف اطہر اقبال اور دیگر نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر الیاس شاکر مرحوم کے لئے دعائے مغفرت، فاتحہ خوانی اور ان کے درجات میں بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ کمانڈر (ر) روشن خیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کینیڈا میں ایک عرصے سے رہنے کے باوجود دوستوں کی محبت کھینچ لاتی ہے، کسی بھی محکمے کے پی آر ڈپارٹمنٹ اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے یہی وقت ہم نے بھی اپنے زمانے میں اپنے محکمے کے لئے کام کرتے ہوئے دیکھا تھا، در اصل یہ اعتماد کا رشتہ ہوتا ہے جو دو طرفہ ہوتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف مصنفہ ڈاکٹر عالیہ امام نے کہا کہ ایک ایسے ماحول میں جہاں تاریکی او رنفرت کے بلبلاتے صحرا میں محبت اور خلوص رات کی تاریکی میں کھو جائے اور تشدّد خراما خراما آگے بڑھتا جا رہا ہو ایسے کرب ناک حالات میں محبت کرنے والے اور خلوص نچھاور کرنے والے دوستوں کی یہ خوبصورت تقریب اس گلدستے کی مانند لگ رہی ہے جس میں طرح طرح کے پھول اپنی خوشبو کو ہر سمت پھیلا رہے ہیں۔ سینئر صحافی مختار عاقل نے کہا کہ روشن خیال نے ہمیشہ محبت اور خلوص کے رشتوں میں اوروں سے رابطہ رکھا ۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں