کراچی میں لینڈ مافیہ کا راج ، رمضان المبارک میں بھی گھنائونے دھندے عروج پر

چالیس سال پرانی سہارنپور سوسائٹی پر قبضہ مافیہ کا پولیس کی مدد سے قبضہ کرنے کی کوشش سوسائٹی کے تمام الاٹیز کی آئی جی پولیس اور ایس ایس پی ملیر سے مدد کی اپیل ، متعلقہ اداروں کی خاموشی سمجھ سے بالاترہے ۔ مظہر گیلانی

جمعرات 23 مئی 2019 21:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2019ء) کراچی میں رمضان المبارک میں بھی قبضہ مافیہ کا راج، چالیس سال سے قائم سہارن پور کو آپریٹو سوسائٹی پر لینڈ مافیہ کی قبضہ کی کوشش ، لینڈ مافیہ کو سیاسی شخصیات اور ایس ایچ او ملیر کینٹ کراچی کی پشت پناہی حاصل، سوسائٹی الاٹیز کا احتجاج جاری، تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر کینٹ کے نزدیک واقع سہارن پورکوآپریٹیو سوسائٹی پر گزشتہ دو دن سے قبضہ مافیہ کی قبضہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں ، لینڈ مافیہ کو ملیر کینٹ پولیس اورایس ایچ او کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے ، ڈی سی ملیر سمیت تما م ضلعی انتظامیہ لینڈ مافیہ کے آگے بے بس نظر آرہی ہے، الاٹیز کااس موقع پر کہناتھا کہ ہم نے اس سوسائٹی میں چالیس قبل پلاٹ خریدے تھے جس میں ہماری عمرکی جمع پونجی شامل ہے اور آج لینڈ مافیہ کے لوگ آ کر ہماری سوسائٹی کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، الاٹیز کا احتجاج ساری را ت جاری رہا ، انہوں نے ایس ایس پی ملیر اور آئی جی سندھ سے اپیل کی ہے کہ قبضہ مافیہ کے خلاف کاروائی کی جائے اورہماری سوسائٹی کی زمین کو ان سے بچایا جائے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایک الاٹی نے بتایاکہ پیر آصف علی شاہ، نعیم پنہور اور اس کے لوگ سوسائٹی کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جن کو پولیس کی بھرپور حمایت حاصل ہے جبکہ ، ڈی سی ملیر، اے سی، کنٹونمنٹ بورڈ ملیرکینٹ اور دیگر ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔ اس موقع سوسائٹی کے سیکرٹری مظہر گیلانی کا کہنا تھا کہ حالیہ قبضہ کے خلاف کورٹ سے رجوع کر لیا ہے ، ہمارے پاس تما م کاغذات موجود ہیں اور یہ ساری زمین سوسائٹی کی ہے جس کو سوسائٹی نے اپنے الاٹیز کوفروخت کردیا ہے ، لینڈمافیہ کے لوگوں کو سیاسی پشت پناہی حاصل ہے اور اس طرح دن دیہاڑے قبضہ کرنے پر متعلقہ اداروں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے ، آئی جی سندھ پولیس سید کلیم امام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سوسائٹی کی زمین کو لینڈ مافیہ کے چنگل سے بچانے کے لیئے ہماری مدد کریں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں