سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ شہر کو صاف کرنے میں ناکام ہوچکا، میئر کراچی

پیر 19 اگست 2019 22:22

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ شہر کو صاف کرنے میں ناکام ہوچکا، سیوریج نظام تباہ ہے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی یہ ذمہ داری نہیں مگر ہم اپنے لوگوں کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے اسی لئے میں نے وفاقی وزیر علی زیدی اور ملک ریاض سے مدد کی درخواست کی تاکہ شہر سے کچرے کے ڈھیروں کو اٹھایا جا سکے جن میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سراج الدولہ کالج ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بحریہ ٹاؤن کے تعاون سے کچرا اٹھانے کے کام کا معائنہ کرنے اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تفصیلی دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سید ارشد حسن، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیدسیف الرحمن، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے چیئرمین ریحان ہاشمی، بلدیہ عظمیٰ کراچی، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اور بحریہ ٹاؤن کے افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین ریحان ہاشمی نے بتایا کہ سراج الدولہ جی ٹی ایس سے اب تک 300 سے زائد ڈمپر کچرا اٹھا چکے یہ آپریشن شام چھ بجے تک جاری رہے گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ میں بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہماری درخواست پر بھاری مشینری بھیجی، آج جی ٹی ایس سراج الدولہ کو مکمل صاف کر کے اس مشینری کو دوسری جگہ منتقل کریں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کچرا اٹھانا ہماری ذمہ داری نہیں ہے جن کی ذمہ داری ہے وہ ناکام ہو چکے، ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں تاہم کے ایم سی نے دستیاب مشینری ڈسٹرکٹ کو دی ہے تاکہ جلد از جلد صفائی کا یہ مرحلہ مکمل ہو۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کے پاس تمام تر صلاحیت موجود ہے مگر وسائل نہیں دیئے جا رہے ان اداروں نے پہلے بھی اس شہر کو صاف رکھا اور اب بھی پوری صلاحیت موجود ہے مگر نظام ایسا بنا دیا کہ بلدیاتی اداروں کو مفلوج کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ ادارے پوری طرح کام نہیں کر سکتے اور شہری پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ مسائل کم ہوں اسی لئے میں نے بحریہ ٹاؤن سمیت وفاق سے مدد مانگی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں