میئر کراچی کے بطور میئر 1095 اب تک گزرے ہوئے دن کراچی کی تاریخ کے سیاہ ترین تین سال ثابت ہوئے ہیں، وقار مہدی

نااہل میئرنے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ‘ اپنی تین سالہ میئر شپ میں کراچی کے مسائل میں 300 فیصد تک اضافہ کر دیا، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی

منگل 20 اگست 2019 22:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے میئر کراچی وسیم اختر کے بیان پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی کے بطور میئر 1095 اب تک گزرے ہوئے دن کراچی کی تاریخ کے سیاہ ترین تین سال ثابت ہوئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے نااہل میئرنے اپنی نااہلی سے کراچی کے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ‘ اپنی تین سالہ میئر شپ میں کراچی کے مسائل میں 300 فیصد تک اضافہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اپنے موجودہ دس سالہ دور میں کراچی کے مسائل پر بھرپور توجہ دی ہے لیکن میئر صاحب تو کے ایم سی کے محکموں کی حالت تک درست نہیں کرسکے آج عباسی شہید اسپتال جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تعمیر کرایا تھا موجودہ کے ایم سی کے میئر نے اس کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں دل کے امراض کا اسپتال میئر صاحب کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے میئر کی مدت اگلے سال تک ختم ہورہی ہے اور اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی پر الزامات لگا کر اپنی نااہلی چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری یہ بات اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ایم کیو ایم کے عزائم کیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو کراچی کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے سندھ حکومت نے نالوں کی صفائی کیلئے کروڑوں روپے کے ایم سی کودیئے لیکن کے ایم سی نے نالے تک صاف نہیں کئے ۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے کراچی کے عوام کے مسائل پر توجہ دیں اور عوام کی دی ہوئی نوکری حلال کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں