پاکستان کے نوجوان کوچز کو ٹیلنٹ سے بھرپور پایا ہے، سینئر انسٹرکٹر ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن

جمعہ 23 اگست 2019 23:55

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن(WBSC) کے سینئر انسٹرکٹر مائیکل ایلن رینی نے کہا ہے کہ سافٹ بال کی کوچنگ میں اپنے 35 سالہ تجربے کے دوران دنیا کے 52 ممالک میں کوچنگ کورسز کرائے ہیں مگر پاکستان میں سافٹ بال ایشیاء کوچنگ کلینک جیسے بہترین انتظامات آج تک نہیں دیکھے جس کیلئے میں سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کو اپنی دل کی گہرائوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں پاکستانی قوم بہت مہمان نواز ہے جتنا پیار یہاں ملا ہے اسے کبھی فراموش نہیں کرسکوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیڈریشن کی چیئرپرسن تہمینہ آصف، صدر حیدرخان لہڑی، سیکریٹری جنرل آصف عظیم، نائب صدور محمدذیشان مرچنٹ، حمیرا مغل ،صوبائی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سمیت کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

مائیکل ایلن رینی نے کہا کہ کوچنگ کلینک کے دوران بھرپور کوشش کی ہے کہ اپنا تجربہ پاکستان کے نوجوان کوچز کو منتقل کروں جنہیں میں نے ٹیلنٹ سے بھرپور پایا ہے اگر ان کی صلاحیتوں کو گروم کیا جائے تو بہت جلد پاکستان کی سافٹ بال ٹیم کا شمار دنیا کے بہترین سافٹ بال کھیلنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوسکتا ہے۔ مائیکل رینی نے مزید کہا کہ کراچی کے روایتی کھانوں سے بہت لطف اندوز ہو رہا ہوں یہاں شاپنگ سینٹرز میں گھومنے کا موقع ملا ہے اور کچھ خریداری بھی کی ہے دوبارہ پاکستان آنا اپنے لئے اعزاز سمجھوں گا۔

اس موقع پر فیڈریشن کے صدر حیدر لہڑی نے مائیکل رینی کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو تجربہ انہوں نے ہمارے کوچز کو منتقل کیا ہے وہ مستقبل میں پاکستان سافٹ بال کیلئے ایک اثاثہ ثابت ہوگا۔ اس موقع پر فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم اور نائب صدر محمدذیشان مرچنٹ نے مائیکل رینی کو سافٹ بال فیڈریشن کا نشان پیش کیا۔ دریں اثناء سافٹ بال ایشیاء پاکستان کوچنگ کلینک کے دوسرے دن مائیکل ایلن رینی ، حنیفہ محمد حامد اور نور حاجر نے کوچز کو سافٹ بال کی ہٹنگ، بیس رننگ، کھیل کی حکمت عملی، بنٹنگ، سلائیڈنگ جبکہ گروپ ڈسکشن سمیت دیگر امور سے آگاہی فراہم کی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں