پاکستان کی معاشی استحکام کے لئے کاروباری اداروں کو فروغ دینا ناگزیر ہے،ڈاکٹر خالد عراقی

اتوار 25 اگست 2019 00:09

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لئے کاروباری اداروں کو فروغ دینا ناگزیر ہے، حالیہ سالوں میں ہونے والی ایجادات نے دنیا کو یکسر تبدیل کرکے رکھ دیا ہے، ادویات اور میڈیکل آلات بھی تبدیل ہوگئے ہیں اور ان میں ہونے والی چند نمایاں تبدیلیوں اور جدت کی وجہ سے ان کو بلین ڈالرز بزنس کا درجہ حاصل ہوگیا ہے، مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے اور ہرشعبہ ہائے زندگی میں اپنا لوہا منواسکتے ہیں، تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ ان نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے مواقع فراہم کئے جائیں اورانٹرپرینیور شپ ایک ایسا شعبہ ہے کہ جہاں نوجوان اپنی صلاحیتوں اور سوچ کے مطابق کوئی بھی کاروبار شروع کرکے اسے اپنی ذہانت، محنت اور لگن سے کامیابی سے ہمکنار کرسکتاہے۔

(جاری ہے)

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ فعلیات (فزیالوجی) کے زیر اہتمام آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں منعقدہ کراچی یونیورسٹی بزنس سائنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ انٹر پرینیور شپ میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ آپ کے پاس اچھے اور نئے آئیڈیاز ہوں اور آپ ہر اس پلیٹ فارم بالخصوص ڈیجیٹل مارکیٹنگ کااستعمال کریں جس سے آپ کے بزنس کو بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں۔

سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ بارہ برس کی عمر میں وہ ہندوستان سے پاکستان ہجرت کرکے آئے تھے اور کراچی میں رہائش اختیار کرنے کے بعد صبح کے وقت ضرورت کی اشیاء فروخت کرتے تھے جبکہ دوپہر میں تعلیم حاصل کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ انٹرپرینیورشپ سے میں بخوبی واقف ہوں کیونکہ میں انٹرپرینیورشپ کی بدولت ہی اس مقام پر کھڑا ہوں۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ مشکلات میں ثابت قدم رہتے ہیں تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔

انسٹی ٹیوٹ آف ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعیب احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی اہمیت میں کئی گنا اضافہ ہوگیاہے، آپ کی کسی بھی مصنوعات یا بزنس میں کامیابی اور ناکامی دونوں صورتوں میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کلیدی کردار اداکرتی ہے۔ای ایل این نیٹ ورکنگ کی بانی ثناء فاروق نے کہا کہ جولوگ رسک کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ان میں انٹر پرینیور بننے کا مادہ موجود ہوتاہے کیونکہ رسک کے ساتھ ہی مواقع آتے ہیں جس سے بروقت استفادہ کرکے کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔

المِد رار انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ شیخ عاطف محمود نے اپنی پرجوش تقریر کے ذریعے شرکے ساتھ کامیاب زندگی گزارنے کے اصول بیان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہر شخص میں صلاحیتوں سے مالامال ہوتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پہچان کراس سے استفادہ کرے۔ آئی ٹی ڈائریکٹر سندھ پولیس تبسم عباسی نے کہا کہ سندھ پولیس میں جدید طرز پر تبدیلیوں کا عمل شروع ہوچکا ہے جس کے براہ راست اثرات بہت جلددیکھنے کو ملیں گے۔

کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین شعبہ فعلیات جامعہ کراچی ڈاکٹر تاثیر احمد خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کانفرنس کا انعقاد ناگزہوگیا ہے۔بائیولوجیکل سائنسز کے طلبہ کوانٹر پرینیئورشپ کو سمجھنے اور اس سے اپنے فیلڈ میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں