کشمیر کمیٹی کراچی کے تحت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت

دنیا کی کوئی طاقت کشمیری حریت پسندوں کی حمایت ختم نہیں کر سکتی۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا حق ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، سیاسی وسماجی رہنما اگر بھارت خطے میں امن چاہتا ہے تو کشمیریوں کو آزادی دے۔ پاکستانی قوم کا سڑکوں پر نکل آنا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان نے کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑا

اتوار 22 ستمبر 2019 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) کشمیر کمیٹی کراچی کے تحت کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قیوم آباد سے سی ویو تک نکالی گئی ریلی میں شہر بھر سے نوجوان موٹر سائیکلوں پر قافلوں کی صورت میں شریک ہوئے۔شرکاء نے آزاد کشمیر کے پرچم اور پاکستان کا طویل قومی پرچم بھی اٹھا رکھا تھا اور پورے راستے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔

ریلی کے شرکاء نے سی ویو پہنچ کر بڑے جلسہ عام کی صورت اختیار کرلیا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و سماجی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیری حریت پسندوں کی حمایت ختم نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا حق ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔اگر بھارت خطے میں امن چاہتا ہے تو کشمیریوں کو آزادی دے۔ پاکستانی قوم کا سڑکوں پر نکل آنا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان نے کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑا۔

ہم کل بھی مظلوم کشمیریوں کے ساتھ تھے، اب بھی ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محفوظ یار خان ایڈووکیٹ، پروفیشنل یوتھ فائونڈیشن کے نائب صدر بلال حیدر، تحریک صوبہ ہزارہ کے رہنما سردار مرتضی رحمانی، کوئٹہ کے سماجی کارکن جمیل خان کاکڑ، چوہدری اعجاز، نصیر احمد،حافظ محمد امجد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر محفوظ یار خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ دنیا کی نام نہاد بڑی جمہوریت بھارت کشمیریوں کے خون کا پیاسا بن چکا ہے۔ کشمیر ہمارے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے، جس کے بغیر ہم زندہ نہیں رہ سکتے۔ کشمیری قوم خود کو تنہا نہ سمجھے پورا پاکستان ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے کبھی بھی بھارت کے ساتھ رہنے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔

اہل پاکستان کشمیر کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت و تائید کرتے ہیں۔ ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم بھارت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پروفیشنل یوتھ فائونڈیشن کے نائب صدر بلال حیدر نے کہا کہ کشمیر بھارت کی جاگیر نہیں، ہم سب ایک پرچم تلے آگے بڑھ کر بھارت کو بتا دیں گے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔

کشمیریوں سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر استوار ہے۔ دشمن کی منافقانہ پالیسیوں کی وجہ سے وادی کشمیر آج ہم سے جدا ہے۔ ہم ہر سطح پر اہل کشمیر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ تحریک صوبہ ہزارہ کے رہنما سردار مرتضی رحمانی نے کہا کہ 70 سال سے بھارتی افواج ہماری مائوں، بہنوں کی عزتیں تار تار کر رہے ہیں، لیکن عالمی برادری نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ مظلوم کشمیریوں کے درد کو ہم اپنا درد سمجھتے ہیں۔ کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔ کوئٹہ کے سماجی کارکن جمیل خان کاکڑ کہا کہ اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عمل درآمد نہ ہونا شرمناک ہے۔ کشمیر صرف ایک خطہ کا نہیں پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔ہم ہر سطح پر کشمیر کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں