بدعنوان افسران کو واٹربورڈ کا سودا کرنے نہیں دینگے۔سید محسن رضا

جمعرات 24 اکتوبر 2019 00:00

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) پیپلز لیبر یونین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے جنرل سیکریٹری سید محسن رضا نے کہا ہے کہ واٹربورڈ کی نجکاری کراچی کے شہریوں اور ملازمین واٹربورڈکے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے، واٹربورڈ ملک کی شہ رگ اور معاشی حب کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی سمیت نکاسی آب کی سہولیات بھی فراہم کررہا ہے۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوںنے سوسائٹی ڈویژن کے ہنگامی دورے کے دوران عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم ادارے کو قومی دھارے سے علیحدہ کرکے منافع خور سرمایہ کاروں اور علمی ساہوکاروںکے سپرد کرنا کراچی کے غریب شہریوں سے سستے داموں پینے کے پانی کی سہولت چھینے کے مترادف ہے دوسری جانب نجکاری اور بعدازاں نجکاری کی آڑ میں ڈاؤن سائزنگ اور ہزاروں ملازمین و ان کے اہل خانہ کو بھوکوں مارنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایک طرف تو محنت کش شب و روز کی محنت سے فراہمی و نکاسی آب کا نظام سنبھالنے میں اپنی جانیں تک گنوا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب بدعنوان افسران ادارے اور ملازمین کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، تاہم پیپلز لیبریونین ان کے تمام ہتھکنڈوں کو نہ صر ف ناکام بنادے گی بلکہ مفادپرست افسران کی لوٹ مار کو قوم کے سامنے بے نقاب بھی کریگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم واٹربورڈ کی نجکاری کی سازشوں کی نہ صرف نشاندہی کی بلکہ اس کے خلاف سب سے پہلے پیپلز لیبر یونین نے آوازبلند کی انہوں نے کہا کہ پیپلز لیبر یونین ادارے اور ادارے کے ملازمین کے خلاف افسران کی ہر سازش کو ناکام بنادے گی انہوںنے کہا واٹربورڈ کے ملازمین دن رات محنت کرکے واٹربورڈ کے واجبات کی ریکارڈ ریکوری لارہے ہیں جبکہ دوسری جانب ٹھنڈے کمروں میں بیٹھنے والے افسران اپنے مفادات کیلئے ادارے کا سودا کرنے سے بھی باز نہیںآرہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ملازمین کو اپنے جی پی فنڈ کے چیک بنکوں سے کیش کرانے کے لئے سالوں انتظار کر نا پڑتا ہے، یہاں تک کہ غریب ریٹائرڈ محنت کشوں کو اپنے بچوں کی شادی کی تاریخیں تک ملتوی کر نا پڑ جاتی ہیں ،مر حوم ملازمین کی بیوائوں اور بچوں کو واجبات کی وصولی کے لئے دھکے کھانے پڑتے ہیں ریٹرئرڈ ملازمین کی پنشن ہر ماہ تاخیر کا شکار ہو جاتی ہے ،بجٹ میں بڑھائی گئی پنشن کے بقایاجات سے تاحال پنشنرز محروم ہیں گروپ انشورنش کی مد میں اسٹیٹ لائف سے رقم موصول ہو نے کے باوجود مر حوم ملازمین کے وارثین کو ادا نہیں کی جارہی ،واٹربورڈ کی بدحالی سابق صدر پر ویز مشرف کے نچلی سطح پر دیئے گئے اختیارات کا بے دریغ استعمال کرتے ہوئے ٹھیکیداروںکی بوگس فائلیں نکالنے میں ہوا،انہوں نے واٹربورڈ کے بعض سازشی افسران کو متنبہ کیا کہ ورلڈ بنک کے ایجنٹ افسران ماضی کے تسلسل کو بر قرار رکھتے ہوئے حکومت وقت کی پالیسیوں پر عمل درآمد کر کے ایک سو چی سمجھی سازش کے تحت ادارے کے انتظام کو بگاڑ کی طرف لے جارہے ہیں ،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ورلڈ بنک کے ایجنٹوں کی فرمائش پر پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کی جھولی میں ڈالنے کا گھنائونا کھیل کھیل رہے ہیں ، واٹر بورڈ کے چند مخصوص افسران کی ہم نہ صرف مذمت کر تے ہیں بلکہ بہت جلد ٹھوس دلائل اور شواہد کے ساتھ ان بیرونی ایجنٹوں کا پر دہ چاک کریں گے۔

اس مو قع پر سید خورشید مہدی ، سید شہاب حسین ، سید حسن مر تضیٰ، رب نواز لغاری،یعقوب حسین ، ابراہیم رشید، پطرس مسیح ودیگر مو جود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں