لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے سے متاثرہ بچے حسنین کا جناح اسپتال میں علاج جاری ہے، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل

جن چھ کتوں نے بچے کو کاٹا وہ گائو ں کے پالتو کتے تھے ،ہر جگہ ریبیز کی وجہ سے ہلاکتیں نہیں ہورہیں، سندھ اسمبلی میں جواب

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ لاڑکانہ میں کتے کے کاٹنے سے متاثرہ بچے حسنین کا جناح اسپتال میں علاج جاری ہے۔جن چھ کتوں نے بچے کو کاٹا وہ گائو ں کے پالتو کتے تھے ،ہر جگہ ریبیز کی وجہ سے ہلاکتیں نہیں ہورہیں۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کے ایک توجہ دلا نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

شاہانہ اشعر نے کہا کہ ویکسین کے پیسے بھی کرپشن کی نظر ہورہے ہیں۔بچوں کو خدارا کتوں سے بچایا جائے۔ معصوم بچے متاثر ہورہے ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ بعض مقامات پر مریض کے تاخیر سے ہسپتال پہنچنے کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئی ہیں۔لاڑکانہ کے بچے کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کتوں کو اینٹی ریبیز لگائی جارہی ہے۔ پی ٹی آئی کے رابستان خان نے سرجانی ٹاون کے کئی سیکٹرز میں پینے کے پانی میں سیوریج کے شامل ہونے پر توجہ دلا نوٹس پیش کیا اور کہا کہ ابترصورتحال کی وجہ سے میرے حلقے کے عوام پریشان ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری محکمہ بلدیات سلیم بلوچ نے کہا کہ ایم پی اے صاحب متاثرہ علاقے کے سوریج نظام کی فزیبلیٹی بنائیں معاملے کو حل کرینگے۔ پی ٹی آئی کی ڈاکٹر سیما ضیانے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ سے متعلق توجہ دلا نوٹس میں کہا کہ کمیشن کے سربراہ کا تعلق محکمہ صحت سے ہونا ضروری ہے ایسا نہ کرکے حکومت نے قانون کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو متنازعہ بنایا جارہا ہے۔

وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے نو ارکان ہیں جنہیں تین سال کے لئے منتخب کیا جاتا ہے۔وزیر صحت اور محکمہ کا سیکریٹری کمیشن کا ممبر ہوتا ہے۔باقی ارکان صحت کے اداروں اور تنظیموں سے لئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کے سربراہ کا تقرر میرٹ کی بنیاد پر ہوتا ہے ۔سربراہ کا تقرر خفیہ رائے شماری کے زریعے ہوتا ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن خودمختار باڈی ہے اس میں کسی کی مداخلت نہیں ہوتی۔رکن اسمبلی شبیر قریشی نے لیبر اسکوائر سمیت سائٹ ٹاون کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے مسائل پر توجہ دلاونوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کی ابتری سے شہری۔اذیت کاشکارہیں ،پراناگولیمار جہان آباد میں بھی سیوریج کا عذاب ہے۔ پارلیمانی سکریٹری بلدیات سلیم بلوچ نے کہا کہ لیبر اسکوائر کا علاقہ محکمہ محنت کیزیرانتظام ہے ،نکاسی آب کے مسائل سنگین ہیں جنہیں حل کیا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں