سیپا نے سکھر میں مہلک کچرے کی بھاری مقدار ضبط کرلی

منگل 10 دسمبر 2019 00:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2019ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات ، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب کی ہدایات پر ای پی اے سندھ کی ٹیم نے سکھر میں ہزاروں کلو گرام کچرے کے غیر قانونی ذخیرے پر پیر کے روز چھاپہ ماراتفصیلات کے مطابق سکھر ساٹ ایریا کے ایک گودام میں رکھے کچرے میں طبی،برقی، کیمیائی زہر اور استعمال شدہ جوتوں کا مہلک اور ماحول دشمن کچرہ پایا گیا ۔

طبی فضلے میں استعمال شدہ سرنجز، گلوکوز کی بوتلیں،جراحتی آلات اور ڈائیلیسس مشینوں سے نکلا کچرہ شامل تھا ۔ استعمال شدہ الیکٹرونکس کی اشیا کا (برقی)کچرہ بھی بھاری مقدار میں ذخیرہ کیا گیا تھا ۔کچرے کو مبینہ طور پر غیر قانونی ری سائیکلنگ کے لیے ذخیرہ کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

جبکہ ذخیرے کے ناکارہ کچرے کو غیر قانونی بھٹوں میں بطور ا یندھن سپلائی کیا جا نا تھا ۔

مقامی پولیس کی مدد سے ایڈیشنل ڈی جی وقار پھلپوٹو کی سربراہی میں سیپا کی ٹیم نے کچرے کو ضبط کرلیا جبکہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کی جائے گی ۔واضح رہے کہ طبی فضلے کی کسی بھی مقصد کے لیے ری سائیکلنگ کی سخت ممانعت ہوتی ہے ۔ اسے دوبارہ قابل استعمال بنانے سے لوگوں میں مہلک امراض پھیلنے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے جبکہ برقی کچرے سے بھی قدرتی ماحول کو شدید نقصان پہنچتا ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں