حکومت فوری طور پر زہریلی گیس کے اخراج کا معمہ حل ،متاثرین کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں، انیس قائم خانی

جمعرات 20 فروری 2020 00:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نیکراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کے پھیلنے کے نیتجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی، صوبائی اور بلدیاتی حکومتی نااہلی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو دنوں میں 14 افراد جان کی بازی ہار گئے لیکن بجائے اسکے کہ حکومت معاملے کی تحقیقات اور متاثرین کے بہترین علاج معالجے پر اپنی توجہ مرکوز کرتے وزیر اعلیٰ سمیت تمام وفاقی اور صوبائی وزراء فوٹو شوٹ میں مصروف رہے جسکا نتیجہ یہ نکلا کہ تین دن گزرنے کے باوجود اب تک یہ ہی پتہ نا چل سکا کہ زہریلی گیس کہاں سے اور کیوں خارج ہورہی ہے، اس حکومتی نااہلی کی وجہ سے لوگوں میں شدید بے چینی اور خوف ہراس پیدا ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ویسٹ کے کارکنان سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انیس قائم خانی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر زہریلی گیس کے اخراج کا معمہ حل کریں اور متاثرین کو بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں۔ انیس قائمخانی نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جانبحق افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور انہیں صبر کی تلقین کی، دکھ کی اس گھڑی میں پی ایس پی انکے غم میں برابر کی شریک ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں