محمود آباد کی مرکزی سڑک کی مرمت و استرکاری سے اس علاقے کا اہم مسئلہ حل ہوگیا ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

کراچی میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی آمد اور ٹیسٹ میچ شروع ہونے کے پیش نظر شارع فیصل پر ایئرپورٹ سے لے کر میٹروپول چوک تک اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی کردی ہے، لئیق احمد

بدھ 20 جنوری 2021 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ محمود آباد کی مرکزی سڑک کی مرمت و استرکاری سے اس علاقے کا اہم مسئلہ حل ہوگیا ہے جبکہ شہید ملت روڈ کے اطراف ہر قسم کے کچرے اور ملبے کو اٹھانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ،کراچی میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی آمد اور ٹیسٹ میچ شروع ہونے کے پیش نظر شارع فیصل پر ایئرپورٹ سے لے کر میٹروپول چوک تک اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی کردی ہے جس سے اس اہم ترین شاہراہ پر رات کے اوقات میں سفر میں سہولت ملے گی، یہ تمام کام بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ ورکس اینڈ سروسز اپنی مشینری اور عملے کی مدد سے انجام دے رہا ہے تاکہ شہر کے موجودہ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جاسکے، محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے تحت جاری مرمت و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ محمود آباد کی مرکزی سڑک انتہائی خستہ حالت میں تھی اور جگہ جگہ گڑھے پڑنے کی وجہ سے مسلسل حادثات کا امکان رہتا تھا لہٰذا اس سڑک کو ہموار کرنے کے بعد استرکاری کردی گئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے، انہوں نے کہا کہ شہید ملت روڈ پر ٹریفک کا بہت زیادہ دبائو رہتا ہے یہ سڑک اپنی خوبصورتی کی وجہ سے شہر کی بہترین سڑکوں میں شمار ہوتی ہے اس لئے یہ ضروری تھا کہ اس سڑک کے اطراف ڈالا جانے والا ملبہ اور مٹی کے ڈھیر صاف کئے جائیںاور اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا اور سرسبز بنایا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز شبیہہ الحسن زیدی کو ہدایت کی کہ شہید ملت روڈ کے اطراف صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے انجام دیا جائے اور جہاں تک ممکن ہو دستیاب وسائل اور مشینری لگا کر اس شاہراہ کو بہتر بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری انفراسٹر کچر بہتر بنانے کے کام تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے اور اس کے لئے تمام تر ضروری اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور شاہراہوں کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی بھی ضروری ہے کیونکہ سڑکوں کی مرمت کے مقاصد اس وقت تک حاصل نہیں کئے جاسکتے جب تک وہاں رات کے اوقات میں روشنی کا مناسب انتظام نہ کردیا جائے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام وسائل شہر کی بہتری کے کاموں میں صرف کئے جائیں گے اور ہر ممکن کوشش ہے کہ شہر کے تمام علاقوں کی سڑکیں، فلائی اوورز، پل، انڈرپاسز بہتر اور صاف ستھرے ہوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آسکیں، انہوں نے کہا کہ محکمہ ورکس کی فیلڈ ٹیم اس مقصد کے تحت کام کر رہی ہے اور اسے محکمہ جاتی مشینری اور عملے کی مدد حاصل ہے جسے استعمال کرکے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں