شہرقائدمیں رہائشی اور کمرشل صارفین کے لیے واٹر ٹینکر کے نرخوں میں 300 سے 500 روپے کا اضافہ کر دیا گیا

گزشتہ 4 سال میں ڈیزل اور واٹر ٹریف کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کا موازنہ کرکے نرخوں میں اضافہ کیا گیا، سردار شاہ جائزہ کمیٹی کی سفارشات پر نرخوں میں اضافہ کیا گیا،واٹربورڈہائیڈرنٹس کی نیلامی کے بعد سے ہی نئے نرخوں کا نفاذ کیا جا چکا ہے، چیف سپرنٹنڈنٹ انجینئرہائیڈرنٹس

جمعرات 28 جنوری 2021 14:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2021ء) شہرقائدمیں رہائشی اور کمرشل صارفین کے لیے واٹر ٹینکر کے نرخوں میں 300 سے 500 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈشہر میں پانی کی قلت والے علاقوں میں ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کرتا ہے۔ کمرشل اور رہائشی دونوں کے لیے واٹر ٹینکرز کے نرخ الگ الگ ہیں۔واٹربورڈ ذرائع کے مطابق نیلام شدہ ہائیڈرنٹس کے جنرل پبلک سروس کے نئے نرخ ،ایک ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کی قیمت 1300 روپے،دو ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کی قیمت 1820 روپے،تین ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کی قیمت 2340 روپے،پانچ ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کی قیمت 3250 روپے ہوں گے ۔

اسی طرح کمرشل کیٹیگری کے نئے نرخ، ایک ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کی قیمت 2600 روپے،دو ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کی قیمت 3250 روپے،تین ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کی قیمت 4550 روپے جبکہ پانچ ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کی قیمت 5200 روپے ہوں گے۔

(جاری ہے)

واٹر بورڈ 6 ہائیڈرنٹس سے واٹر ٹینکر فراہم کرتا ہے جوکہ کراچی کے 6 اضلاع میں قائم ہیں۔ضلع غربی میں کرش پلانٹ ہائیڈرنٹ، ضلع کورنگی میں فیوچر کالونی ہائیڈرنٹ، ضلع جنوبی میں شیرپائوہائیڈرنٹ، ضلع شرقی میں نیپا ہائیڈرنٹ، ضلع وسطی میں سخی حسن ہائیڈرنٹ اور ضلع ملیر میں صفورا ہائیڈرنٹ کے نام سے موجود ہے۔

ٹینکروں کی قیمت میں اضافے کے ساتھ واٹر بورڈ نے 10کلو میٹر سے زیادہ فاصلے کے لیے نرخ میں فی کلو میٹر اضافہ کر دیا ہے جس کے تحت ایک ٹینکر صرف 10 کلو میٹر کے دائرے میں پانی کی فراہمی کے لیے مقررہ قیمت وصول کرے گا جبکہ اس دائرے سے باہر کسی بھی صارف کو اضافی چارجز ادا کرنا ہوں گے۔:جنرل پبلک سروس کیٹیگری کے فی کلو میٹر اضافی چارجزایک ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کے لیے 56 روپے،دو ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کے لیے 64 روپے،تین ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کے لیے 72 روپے،پانچ ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کے لیے 136 روپے جبکہ :کمرشل کیٹیگری کے لیے فی کلو میٹر اضافی چارجزایک ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کے لیے 61 روپے،دو ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کے لیے 69 روپے،تین ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کے لیے 78 روپے،پانچ ہزار گیلن والے پانی کے ٹینکر کے لیے 148 روپے مقررکیئے گئے ہیںواٹربورڈ کے واٹر ہائیڈرنٹ سیل کے چیف سپرنٹنڈنٹ انجینئر نعمت اللہ مہر نے اس ضمن میں بتایاکہ جائزہ کمیٹی کی سفارشات پر نرخوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے واٹربورڈہائیڈرنٹس کی نیلامی کے بعد سے ہی نئے نرخوں کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔ ہائیڈرنٹس کی نیلامی ہر دو سال بعد ہوتی ہے۔واٹر بورڈ کی 3 رکنی جائزہ کمیٹی میں سینیئر افسران منظور کھتری، سردار شاہ اور منیر بھٹی پر بنائی گئی تھی۔سردار شاہ نے بتایا کہ 4 سال بعد قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے کس طریقہ کار کے تحت نرخوں میں اضافہ کیا۔سردار شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 4 سال میں ڈیزل اور واٹر ٹریف کی قیمت میں اضافہ ہوا جس کا موازنہ کرکے نرخوں میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ واٹر ٹیرف میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 2016 سے کم زیادہ ہوتی رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں