گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے،جام اکرام اللہ دھاریجو

مہنگائی اور بیروزگاری کا طوفان برپا ہو جائے گا،صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی

پیر 20 ستمبر 2021 14:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) گیس کی قیمتوں میں 37 فیصد اضافے اور بجلی نرخوں پر صدراتی آرڈیننس پر صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت و امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے اس عمل کو عوام دشمنی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گیس کی قیمتوں میں 37 فیصد اضافے سے صارفین کی چیخیں نکل جائیں گی اور مہنگائی کا طوفان برپا ہو جائے گا۔

جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اس قدر اضافے سے معیشت پر برے اثرات مرتب ہوں گے جبکہ بجلی کے نرخوں سے متعلق صدارتی آرڈیننس عوام پر مہنگائی بم گرانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔

صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم یہ دعوی کرنے والے نے عوام کو بیروزگار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ذرائع کے مطابق بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر وفاقی حکومت کچھ نہیں کرسکتی تو کم از کم مہنگائی کو کنٹرول کرے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے اور عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے باعث اذیت کا شکار ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں