کراچی کے ڈیری فارمرز نے از خود دودھ کی قیمتوںمیں اضافے کا اعلان کرکے ایک با ر پھر حکومتی رٹ کو چیلنج کردیا

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 00:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2021ء) کراچی کے ڈیری فارمرز نے از خود دودھ کی قیمتوںمیں اضافے کا اعلان کرکے ایک با ر پھر حکومتی رٹ کو چیلنج کردیا۔ کراچی میںڈیری فارمرز نے تازہ دودھ کی قیمت 155روپے لٹر کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعدمقامی مارکیٹ میں مقررہ کردہ سرکاری قیمت94روپے کے بجائے خوردہ قیمت175روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کاخدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔

تازدہ دودھ کی قیمتوںمیں من مانا اضافے کے اعلان کو صارفین نے مستردکرتے ہوئے ڈیری مافیا کو لگام دینے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے بعد ڈیری فارمرز نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا ہے۔ دودھ کی نئی قیمتوں کے تعین کیلئے ڈیری فارمرز کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر ،گل حسن سیٹھار اور دیگر نے شرکت کی،اجلاس کے بعد شاکر عمر گجر نے بتایا کہ ڈیری فارمر ز نے دودھ کی قیمت155روپے لٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد دودھ کی ریٹیل قیمت 175روپے کی سطح تک پہنچ سکتی ہے ،دلچسپ بات یہ کہ کمشنر کراچی نے دودھ کی قیمتوںکے تعین کے حوالے سے پیر25اکتوبر کو اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کررکھا ہے تاہم اجلاس سے قبل ہی ڈیری فارمرز کی جانب سے قیمتوں میں من مانا اضافہ انتظامیہ کو دبائو میں لانے کا حربہ قرار دیا جا رہا ہے دوسری جانب صارفین نے ڈیری مافیا کو لگام دینے کا مطالبہ کیا ہے صارفین کے مطابق ایک جانب حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے تو دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے ڈیری مافیا کے خلاف ایکشن نہ لینا بھی مافیا کی حوصلہ افزائی کا سبب بن رہا ہے ۔

(جاری ہے)

صارفین کے مطابق ڈیری مافیاکا از خود دودھ کی قیمتوںمیں اضافے کا اعلان حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل سائوتھ حکومت سندھ کے رکن محمد جنیدنے دودھ کی قیمت میں از خود اضافے کے اعلان صارفین کے ساتھ زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کے فیصلے سے قبل ایسے اعلانات کا اداروں کو سخت نوٹس لینا چاہیئے ۔سردی کے دنوں میں دودھ کی طلب ویسے ہی کم ہو جاتی ہے اور سردی کے دنوں میں قیمتوں میںاضافے کی اجازت دینے سے براہ راست صارفین کو نقصان ہو گا ۔انتظامیہ پہلے 94روپے کی سرکاری قیمت پر تازہ دودھ کی فروخت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے اور زبردستی تازدہ دودھ کی قیمت بڑھانے والوں کی سرکوبی کی جائے ۔# ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں