ایک مافیا نہیں چاہتا کراچی ترقی کرے،میئر کراچی مرتضی وہاب

کے الیکٹرک کے ذریعے ٹیکس وصولی شہر کے مفاد میں ہے، وسائل ہونگے تو شہر پر خرچ ہوسکیں گے،

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2024ء) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں ایسی کوئی سڑک نہیں جہاں سکیورٹی وجوہات پرکوئی رکاوٹ ہو جب کہ رینجرز ہیڈ کوارٹر کے باہر سڑک ٹریفک کے لیے کھلی ہے۔سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مزید 60 بسیں چلانے کا اعلان کیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی سی این جی بسیں عرصے سے خراب تھیں جنہیں ڈیزل پر منتقل کیا گیا ہے اور اب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شفاف طریقہ بنا کر 60 بسیں چلائیں گے۔سپریم کورٹ کے تجاوزات سے متعلق حکم پر انہوں نے کہا کہ رینجرز ہیڈ کوارٹر کے باہر سڑک ٹریفک کے لیے کھلی ہے اور فٹ پاتھ پربھی تجاوزات نہیں بلکہ کوئی مجسمے وغیرہ لگے ہوئے ہیں، لوگ بھی وہاں سے گزر سکتے ہیں اور گاڑیاں بھی سڑک پر گزرتی ہیں۔

(جاری ہے)

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں ایسی کوئی سڑک نہیں جہاں سکیورٹی وجوہات پرکوئی رکاوٹ ہو، میرا دفتر اور سندھ سیکرٹریٹ بھی عوام کے لیے کھلے ہوئے ہیں،اگر کہیں تجاوزات یا پتھاروں کی نشاندہی ہوتی ہے تو کارروائی کریں گے۔مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں میونسپل ٹیکس کے معاملے پر اسٹے ختم ہوسکے، کے الیکٹرک کے ذریعے ٹیکس وصولی شہر کے مفاد میں ہے، وسائل ہونگے تو شہر پر خرچ ہوسکیں گے، کے ایم سی کی زمین کے کرائے بڑھائے تو لوگوں نے عدالت سے حکم امتناع لے لیا، ایک مافیا نہیں چاہتا شہر ترقی کرے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں