احسن ظفر سید نے اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھال لیا

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2024ء) غیاث خان کی 7سال کی مدّت کی تکمیل کے بعد احسن ظفر سید نے اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھال لیا۔احسن ظفر سید نے 1991میں اینگرو کے ساتھ بطور انجینئر اپنے پیشہ ورانہ کیرئیرکا آغاز کیا اور انہیں پیٹرو کیمیکل، توانائی، فوڈ اور زراعت کے شعبوں میں آپریشنز، پراجیکٹ مینجمنٹ اور اسٹریٹجک قیادت کا 3دہائیوں کا تجربہ ہے۔

اس سے قبل احسن ظفر سیّد اس وقت اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طورپر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی قیادت میں اینگرو فرٹیلائزرز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سب سے اہم کمپنی بن گئی۔ ان کے دورمیں اینگرو فرٹیلائززر میں آپٹمائزیشن کی وجہ سے ویلیو ایشن میں اضافہ ہوا جس میں کمپنی نے کم منافع والے غیر بنیادی کاروبار کو ختم کیا، اینگرو یوریا کی بہتر مارکیٹ پوزیشن، اسپیشلٹی فرٹیلائزر کی استعداد کو بڑھایاگیا، کسانوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کیلئے ڈیجیٹل خدمات کو توسیع دی اور پلانٹ کی جگہ پر سب سے بڑی تبدیلی کی تکمیل کی جس سے پلانٹ کی افادیت اور صلاحیت میں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے احسن ظفر سید کی قیادت میں 1.1ارب ڈالر کے این ون پلانٹ تعمیر کیا گیا جو اینگرو کیلئے ایک سنگِ میل کی کامیابی اور پاکستان میں مکمل ہونے والے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اینگرو انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر احسن ظفر سید کی قیادت نے مقامی کوئلے سے 660میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے کو آپریٹ کرکے تھر کے کوئلے کا ملکی خواب شرمندہ تعبیر کرنے میں اہم کرادار اداکیا۔

یہ منصوبہ ملک کے توانائی کے شعبے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس منصوبے سے اب تک 1.5ارب ڈالر کادرآمدی متبادل حاصل ہورہا ہے اور سالانہ9ملین افراد کو بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ احسن ظفر سید نے اپنے بیان میں کہاہے کہ اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ سنبھالنے پر بہت خوشی ہے۔بورڈ کا اعتمادکرنے پر میں شکرگزار ہوں اور سابق صدر غیاث خان کے تعاون کو سراہتاہوں۔

میں اینگرو کی قیادت کرنے کیلئے پٴْرجوش ہوں، جو اس وقت کے درپیش مسائل حل کرنے کیلئے پٴْر عزم ہے۔ اس سفر میں ہم اپنی بنیادی اقدار کی پاسدار ی کریں گے، جن علاقوں اور کمیونیٹیز میں ہم کام کرتے ہیں وہاں مثبت کردار اداکریں گے اور اپنے ملازمین، شیئر ہولڈرزاور سوسائٹی کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات استوار کریں گے۔ پاکستان میں انجینئرنگ کی خدمات کے اعتراف میں احسن ظفر سیّد کو 2024میں انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان کی جانب سے "نیشنل انجینئرنگ ایکسلینس ایوارڈ"سے نوازا گیا۔ وزارتِ صنعت و پیداوار کے ادارے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کی تشکیل میں احسن ظفر سید کو اعزازی کنوینر مقرر کیا گیا تھا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں