اس وقت ہرپاکستانی 2 لاکھ 88 ہزار روپے کا مقروض ہے

ہمارے اندرونی اور بیرونی قرضے حکومتی آمدن سے 670 فیصد زیادہ ہیں،،نائب صدر پاکستان بزنس فورم

پیر 29 اپریل 2024 18:38

اس وقت ہرپاکستانی 2 لاکھ 88 ہزار روپے کا مقروض ہے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) مرکزی نائب صدر پاکستان بزنس فورم چوہدری احمد جواد نے کہا ہے کہ اس وقت ہر پاکستانی 2 لاکھ 88 ہزار روپے کا مقروض ہے۔ میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آئی ایم ایف کو آئندہ تین سال میں 60 بلین ڈالر ادا کرنے ہیں۔ بجٹ خسارے کو پورا کرنے کے لیے قرض لیا جاتا ہے، آمدنی کو بڑھانے کے لیے ایکسپورٹ کو بڑھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

احمد جواد نے کہا ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ سیاسی معاملات کے حل کئے بغیر معاشی معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے،2007 سے ہمارا قرضہ مسلسل بڑھتا گیا، بجٹ خسارے کی تمام سیاسی جماعتیں اور حکومتیں ذمہ دار ہیں، خسارے کو کم کرنا کسی ایک جماعت کے بس کی بات نہیں۔ ہم آج جس اسٹیج پر پہنچے ہیں اس کے ہم خود ذمہ دار ہیں، پیسے اکٹھے کرنے سے زیادہ ہمارے اخراجات زیادہ ہیں، ہمارے اندرونی اور بیرونی قرضے حکومتی آمدن سے 6 سو 70 فیصد زیادہ ہیں، آئی ایم ایف کے اگلے پروگرام سے قبل 8 ارب ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔

چارٹر آف آکانومی ملک کی اس وقت اہم ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسٹیٹ بنک آف پاکستان نجی بینکوں کو بھی تاکید کرے کہ کریڈٹ کی سہولت زیادہ سے زیادہ پروائیٹ سیکٹر کو دے تاکہ نجی شعبہ پروان چڑھ سکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں