بینکنگ محتسب پاکستان نے 2023 ئ میں بینک صارفین کو 1 ارب26 کڑور روپے سے زائد رقم کا ریلیف فراہم کیا

پیر 29 اپریل 2024 22:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اپریل2024ء) بینکنگ محتسب پاکستان نی2023 ء میں تجارتی بینکوں کے خلاف 25,493 شکایات کا ازالہ کرکے متاثرہ بینک صارفین کو ایک ارب 26 کڑور روپے سے زائد رقم کا ریلیف فراہم کیا جبکہ بینکنگ محتسب پاکستان کا ادارہ سال 2005 ء میںاپنے قیام کے بعدسے اب تک بینکوں کے صارفین کو ان کے نقصان کے ازالے کے طور پر تقریباً6 ارب 46 کروڑ روپے کی ادائیگی کروا چکا ہے۔

ادارہ بینکاران پاکستان، کراچی میں پیر کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز نے کہا کہ سال کے دوران وصول ہونیوالی 36,437 شکایات اور سال2022 ء میں تصفیہ طلب رہ جانے والی شکایات میں سے 21,886 (86فیصد) شکایات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا گیا جبکہ676 (3فیصد)شکایات کا فیصلہ باقاعدہ سماعت کے بعد کیا گیااور 2,931 (11فیصد) شکایات، نامکمل ، غیر اہم اور اس قانون کے مطابق جس کے تحت بینکنگ محتسب کا ادارہ قائم کیا گیا، ادارے کے دائر ہ اختیارِ سماعت میں نہ ہونے کے باعث مسترد کردی گئیں۔

(جاری ہے)

بینکنگ محتسب پاکستان کے ادارے کی سالانہ رپورٹ برائے 2023ء پش کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ اس سال 2023ء کے دوران عوام کی جانب سے تجارتی بینکوں کے خلاف بینکنگ محتسب پاکستان کے دفتر میں درج کرائی جانے والی شکایات کی تعداد میں گزشتہ بر س 2022ء کے مقابلے میں 21 فیصداضافہ ہوا تاہم وزیرِاعظم کے پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جو 2022ء کے مقابلے میں 2023ء کے دوران شکایات کی کل تعداد میں مجموعی طور پر 5فیصدکمی کو ظاہر کرتی ہے۔

سراج الدین عزیز نے بتایا کہ بینکنگ محتسب پاکستان کی سالانہ رپورٹ برائے سال2023ء 19 اپریل،2024 ء کو ایوان ِ صدر ، اسلام آبادمیں صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان، آصف علی زرداری کو پیش کی گئی۔اس موقع صدر مملکت نے بینک صارفین کو بلامعاوضہ خدمات فراہم کرنے اور بہترین گورننس کو فروغ دینے میں بینکنگ محتسب پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے صنعت ِ بینکاری کی تیکنیکی پیش رفت کے ساتھ ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیاتاکہ عوام کی شکایات کو بلا تاخیر حل کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قانونی تقاضوں کی تعمیل میں بینکنگ محتسب پاکستان کی سالانہ رپورٹ برائے سال2023ء ، مورخہ 28مارچ، 2024ء کو گورنر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد کو پیش کی گئی تھی۔سراج الدین عزیز نے بینکوں پر زور دیا کہ بینکوں کے صارفین کودھوکہ دہی اور جعل سازی سے محفوظ رکھنے کے لئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے ایک بھرپور عوامی آگہی مہم کا آغاز کریں اوراپنے کھاتے داروں کی رقومات کے مکمل تحفّظ کے لئے بھرپور، بامعنی اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینکنگ محتسب کا دفتر بینکوں کے صارفین کو دھوکہ بازوں کے مکروہ ہتھکنڈوں سے محفوظ رکھنے کے لئے ، علاقائی زبانوں میں ایس۔ ایم۔ ایس۔ کے ذریعے ایک مؤثر عوامی آگہی مہم شروع کرنے کے منصوبے پر کام کررہا ہے۔ #

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں