کراچی جلسہ سندھ حکومت کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا ، راشد سومرو

ملک کے لئے ہماری قربانیوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، بلال بھٹو کو بتانا چاہتا ہوں آپ نے جلسے کی آفر کی لیکن سندھ حکومت جلسے سے خوفزدہ ہے ،پریس کانفرنس

بدھ 1 مئی 2024 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے جماعتی عہدیداروں کے ہمراہ کراچی پریس کلب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی جلسہ جعلی الیکشن کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہوگا، یہ جلسہ عوامی اسمبلی کے نام سے موسوم ہے، جہاں عوام اپنی تاریخی شرکت سے فیصلہ سنائیں گے کہ موجودہ ایوان عوام کا نمائندہ ایوان نہیں ، اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی ڈیجیٹل میڈیا کوآرڈینیٹر انجنئیر ضیا الرحمن ، مرکزی ترجمان اسلم غوری ، عبدالرزاق عابد لاکھو ، مولانا محمد غیاث ، مولانا ناصر سومرو ، مولانا سمیع الحق سواتی ، حافظ سراج چنا و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ہمیشہ پس پردہ قوتیں فیصلہ کرتی ہیں، جمعیت علمائے اسلام نے ملک میں جمہوری نظام کیلئے قربانیاں دی ہیں،مولانا فضل الرحمان صاحب کی ملک کے لئے قربانیاں سب کے سامنے ہیں،ہمارے قائد نے مذہبی طبقے کو جمہوری نظام کی طرف راغب کیا،لوگوں کو پہاڑوں سے اتار کر پارلیمان کا راستہ دکھایا،مولانا فضل الرحمن نے ہی ملک میں دہشت گردوں کے خلاف فتوی جاری کیا،ملک میں پارلیمان کی بحالی کیلئے مولانا فضل الرحمن پر کئی بار حملے ہوئے،میرے والد ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو ملکی آئین کی بالادستی کے بدلے میں شہید کیا گیا، ان تمام تر قربانیوں کے باوجود بھی ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا،سندھ میں ہر ایک ایم پی اے کو ایڈوانس میں پچاس ہزار ووٹ دئے گئے،الیکشن کمیشن نے ہماری درخواستوں پر نوٹس لینے کے بجائے مسترد کیا گیا،ابھی تک ٹریبونل سے ہمیں تاریخ پر تاریخ مل رہی ہے،ہم نے فارم 45 کے مطابق سندھ 7 صوبائی اور 03قومی نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں، لیکن فارم 47 میں ہمارے ووٹ پپلز پارٹی کے نمائندوں کو دیکر انہیں کامیاب قرار دیا گیا، مولانا راشد محمود سومرو صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ اس وقت ہماری تحریک چار ایجنڈے ہیں، جس میں 2024 کے عام انتخابات میں مینڈیٹ چوری کے خلاف میدان عمل میں جدوجھد جاری رکھنا ، دوسرا فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لئے آواز بلند کرنا ، تیسرا عدالت عظمی کی جانب سے ختم نبوت کے حوالے سے غیر ضروری بحث کو چھیڑ کر مسئلہ ختم نبوت کو متنازعہ بنانے کے حوالے سے قوم کو آگاہ کرنا اور قوم کو اس پر متفق کرنا ،چوتھا ایجنڈا سندھ میں ڈاکو راج کا خاتمہ، سندھ حکومت مکمل ڈاکوں کی سرپرستی کر رہی ہے، صوبائی مشیر ڈاکوں کو اسلحہ فراہم کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں، اس وقت سندھ بد امنی کی لپیٹ میں ہے، قبائلی جھگڑے ، قتل کی وارداتیں، اسٹریٹ کرائم اور اغوا برائے تعاون عروج پر ہے، جمعیت علما اسلام کے کارکنان کو اغوا کیا گیا ہے، ہم نے آئی جی سندھ سے ملاقات کی ، اس میں ان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام قوم کے مسائل کی آواز ہے، ہم قوم ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے ہر وقت عوام رہ کر سیاست کی ہے، بندوں کمروں کی سیاست جمعیت علما اسلام نہیں کرتی، ہم عوام کے درمیان رہ کر فیصلے کرتے ، اس وقت بھی عوام کے بیچ میں ہیں،ہماری یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں