عراق میں پرتشدد مظاہرے،ایک شخص ہلاک ، آٹھ زخمی

حکومت مخالف مظاہرے میں شہر کی مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی،حالات کشیدہ

اتوار 3 ستمبر 2023 12:20

کرکوک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2023ء) عراق کے شمالی شہر کرکوک میں مظاہروں کے دوران میں جھڑپوں میں ایک شہری ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقامی ہیلتھ اتھارٹی کے ڈائریکٹر زیاد خلف نے بتایاکہ ہلاک شخص کی شناخت اور حالات فوری طور پر واضح نہیں۔ زخمی ہونے والے افراد کو گولیوں، پتھروں یا شیشے سے نشانہ بنایا گیا ۔

زخمیوں میں سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار بھی شامل ہے۔کرکوک پولیس کے ترجمان عامر شوانی نے بھی ایک ہلاکت کی تصدیق کی ۔کرکوک میں حکام نے کرفیو نافذ کر دیا تھا اور پولیس کو بفرکے طور پر متحارب فریقوں کے مظاہروں کو روکنے کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔ایک طرف کرد باشندوں نے احتجاجی ریلی نکالی تھی جبکہ دوسری طرف ترکمن اور عرب باشندے احتجاج کررہے تھے۔

(جاری ہے)

کرد مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے انتباہی گولیاں چلائی گئیں۔ شہر کی ایک مرکزی شاہراہ پر گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔کرکوک میں گذشتہ ایک ہفتے سے کشیدگی پائی جارہی ہے۔یہ کثیر لسانی اور کثیر نسلی شہربغداد میں وفاقی حکومت اور شمال میں خود مختار کردستان کے علاقائی حکام کے درمیان متنازع ہے۔عراقی حکومت اس کا کنٹرول اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے جبکہ خودمختار کردستان کے حکام اس کو اپنے علاقے کا حصہ قرار دیتے ہیں۔

کرک میں شائع ہونے والی مزید خبریں