گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس،ملزم پیر فیاض شاہ پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا

فیاض شاہ سمیت 8 افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا،ملزمان کو ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا،پولیس

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 23 ستمبر 2023 11:42

گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس،ملزم پیر فیاض شاہ پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا
خیر پور (اردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 23 ستمبر 2023ء) گھریلو ملازمہ قتل کیس میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رانی پور کی حویلی میں گھریلو ملازمہ فاطمہ کے مبینہ قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے،ملزم پیر فیاض شاہ پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ پیر فیاض شاہ سمیت 8 افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے،آج ملزمان کو ریمانڈ کیلئے مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ روز پولیس نے گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس میں نامزد ملزم پیر فیاض شاہ کو رانی پور سے گرفتار کیا تھا،ملزم کو پریس کانفرنس کے بعد حویلی جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری سے قبل پیر فیاض شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فاطمہ ذہین اور اچھی لڑکی تھی،اس کی موت کا ہمیں بہت دکھ ہے۔

(جاری ہے)

فاطمہ کو قتل نہیں کیا،اسد شاہ سمیت تمام خاندان کے افراد بے گناہ ہیں۔

ملزم نے بتایا کہ لڑکی پر تشدد نہیں کیا اس کی موت طبعی ہوئی تھی،فاطمہ کے لواحقین سیاسی افراد کے کہنے پر ہم پر الزامات لگا رہے ہیں۔ رانی پور درگاہ کو سیاسی طور ہدف بنایا گیا اور الزامات لگائے گئے۔ پیر فیاض شاہ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی سندھ اور دیگر ادارے شفاف تحقیقات کرائیں۔ یاد رہے کہ دو روز قبل پیر فیاض شاہ نے سندھ ہائیکورٹ حیدر آباد بینچ سے ضمانت حاصل کی تھی۔

18 ستمبر کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے رانی پور درگاہ کے گدی نشین پیر سورج دستگیر کے بھائی شاہ زیب شاہ کو بھی گرفتار کیا تھا۔ جبکہ فاطمہ قتل کیس میں تیسری بار تفتیشی افسر تبدیل کیا گیا اور تحقیقات ایس پی سی ٹی ڈی کو سونپ گئی۔ عدالت کی جانب سے عدم اطمینان پر تفتیشی افسر کو ہٹا کر کیس ڈی ایس پی صفی اللہ کے حوالے کیا گیا تاہم فاطمہ کے والدین نے اس تبدیلی پراعتراض اٹھایا۔ لڑکی کی والدہ نے کہا کہ پولیس ملزمہ حنا شاہ اور ملزم پیر فیاض شاہ کو گرفتار کیوں نہیں کر رہی؟۔

خیرپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں