محکمہ ہایئر ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے صوبہ کی 8 سرکاری یونیورسٹیوں میں ایک خاتون سمیت وائس چانسلرز کی تقرری و تبادلے کے احکامات جاری کردیئے

ہفتہ 7 مارچ 2020 17:03

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2020ء) محکمہ ہایئر ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے صوبہ کی 8 سرکاری یونیورسٹیوں میں ایک خاتون سمیت وائس چانسلرز کی تقرری و تبادلے کے احکامات جاری کردیئے۔ گزشتہ روز جاری الگ الگ اعلامیوں کے مطابق صوبہ خیبر پختون خوا کے گورنر/چانسلر کی منظوری کے بعد محکمہ ہایئر ایجوکیشن نے آٹھ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی تقرری و تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے جن کے مطابق پشاور یونیورسٹی کے پروفیسر جوہر علی خان خوشحال خان خٹک یونیورسٹی کرک کے وائس چانسلر، یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے پروفیسر افتخار احمد گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہی بابر ایگریکلچر یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر، عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے پروفیسر ڈاکٹر اورنگزیب خان یونیورسٹی آف لکی مروت کے وائس چانسلر، کوہاٹ یونورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر شاہد خٹک یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مردان کے وائس چانسلر اور پروفیسر ڈاکٹر طاہر آئی خان ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر تعینات کردیئے گئے جبکہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی ویمن یونیورسٹی صوابی کی وائس چانسلر تعینات کردی گئیں۔

(جاری ہے)

ان اعلامیوں کے مطابق تمام آٹھوں نئے وائس چانسلر کی تعیناتی تین سال مدت کے لئے کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں تعینات ہونے والے وائس چانسلر افتخار احمد ایبٹ آباد یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی رہ چکے ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق اکیڈمک ریسرچ کمیٹی نے ان آٹھ جامعات کے وائس چانسلروں کے لئے شارٹ لسٹ کئے گئے 54 امیدواروں میں سے ہر ایک یونیورسٹی کے لئے تین امیدواروں کا پینل بنا کر مجموعی طور پر 24 امیدواروں کا کیس ہایئر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختون خوا کے پاس بھیج دیا تھا جہاں تین امیدواروں کے پینل سے ایک ایک وائس چانسلر کا انتخاب کرکے منظوری کے لئے گورنر جوکہ ان جامعات کے چانسلر بھی ہیں، نے منظوری دی جس کے بعد منتخب امیدواروں کی تقرریوں کے اعلامیے جاری کئے گئے۔

واضح رہے کہ صوبہ کی مزید آٹھ جامعات کے وائس چانسلروں کی تقرریوں کے لئے انتخاب کا عمل جاری ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں