تحصیل بانڈہ داؤدشاہ میں گیس بندش اور پریشر میںکمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

مظاہرین نے تقریباً چھ گھنٹوں تک دھرنا دے کر پلانٹ سے کروڈ آئل کی ترسیل روک کرکوہاٹ بنوں روڈ کوہرقسم کی ٹریفک کے لئے بندکئے رکھا

جمعہ 16 نومبر 2018 12:40

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2018ء) تحصیل بانڈہ داؤدشاہ میں گیس بندش اور پریشر میںکمی کے خلاف کئی دیہی علاقوں کی سینکڑوں خواتین نے سنٹرل پروسسینگ فیسیلٹی (سی پی ایف) پلانٹ مکوڑی کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور تقریباً چھ گھنٹوں تک دھرنا دے کر پلانٹ سے کروڈ آئل کی ترسیل روک کرکوہاٹ بنوں روڈ کوہرقسم کی ٹریفک کے لئے بندکئے رکھا جس کے باعث سڑک پر دوطرفہ چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل بانڈہ داؤدشاہ(کرک) کے دیہی علاقوں مکوڑی‘ احمدی بانڈہ‘ ڈونگہ اور منصور گڑھ وغیرہ کی سینکڑوں خواتین اپنے بچوں کے ہمراہ جمعہ کے روز بعداز سہ پہر گھروں سے سڑکوں پرنکل آئیں اور گیس بندش اور پریشر میں کمی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

خواتین نے سی پی ایف پلانٹ مکوڑی کے مین گیٹ کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا اور ٹائرجلاکر کوہاٹ بنوں روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کردیا ۔

دھرنا اور احتجاج کے باعث پلانٹ سے کروڈ آئل کی ترسیل کا سلسلہ بھی کئی گھنٹوں کے لئے عارضی طورپر معطل ہوا۔خواتین مظاہرین کی حفاظت اور مطالبات کے حق میں مقامی لوگ بھی احتجاج میں شامل ہوگئے ۔مظاہرین علاقے میں گیس بندش اور پریشرمیں شدید کمی کے خلاف مظاہرہ کررہے تھے۔ اٴْن کا مطالبہ تھا کہ مستقل بنیادوں پر علاقے میں گیس کی پریشر میں کمی کو دورکیاجائے۔

اٴْن کا کہنا تھا کہ گیس پر پہلے مقامی لوگوں کا حق ہے لیکن یہاں لوگوں کو سہولت دے کر اب گیس کے حق سے محروم رکھ کر دوبارہ لکڑی جلانے کے زمانے میں دھکیلا جارہا ہے۔آمدہ اطلاعات کے مطابق مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے لئے اسسٹنٹ کمشنر بانڈہ داؤدشاہ‘ تحصیلدار اور پولیس بھی پہنچ گئی جہاں کامیاب مذاکرات اور گیس پریشر بحال کرنے کے بعد رات تقریباً دس بجے مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں