کوہاٹ ، آدم خیل میں کوئلے کی کانوں کی ملکیت کے تنازعہ پر فریقین کے مابین شدید فائرنگ ،تین قبائلی جاں بحق ،دو دیگر زخمی

پیر 21 جون 2021 22:20

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2021ء) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن در ہ آدم خیل میں کوئلے کی کانوں کی ملکیت کے تنازعہ پر فریقین کے مابین شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں کم از کم تین قبائلی جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے بعدحالات کشیدہ ہوگئے اور مشتعل افراد نے ایک ڈبل کیبن پک اپ سمیت دو گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔

موصولہ ابتدائی اطلاعات اور مقامی میڈیا کے مطابق پیر کے روز بعداز سہ پہردرہ آدم خیل کے ذیلی قبیلے اخوروال سے تعلق رکھنے والے دوفریقین کے مابین کوئلے کی کانوں کی ملکیت پرجاری تنازعہ نے شدت اختیار کرلی اور فریقین نے مورچہ زن ہوکر ایک دوسرے پر شدید فائرنگ کی۔آمدہ اطلاعات کے مطابق دونوں طرف سے شدید فائرنگ کی گئی جس کے دوران کوہاٹ سمیت دیگر جنوبی اضلاع کو صوبائی دارالحکومت پشاور سے ملانے والی اہم ترین قومی شاہراہ انڈس ہائی وے پر کچھ وقت کے لئے ٹریفک بھی معطل ہوکررہ گئی۔

(جاری ہے)

جاں بحق و زخمی افراد کی تعدادکے باے میں متضاد اطلاعات ہیں تاہم بعض اطلاعات کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں ہدایت اللہ ولد یاراسلم فائرنگ کی زدمیں آکرزندگی سے ہاتھ دھوبیٹھا جبکہ دیگر کے نام معلوم نہیں ہوسکے۔ چاردیگر افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے جن میں مزمل‘ اجمل اور مزمل وغیرہ بتائے جاتے ہیں جنہیں بعدازاںپشاور منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کے بعد اخوروال کے علاقے میں حالات کشیدہ ہوگئے اوربعض اطلاعات کے مطابق مشتعل افراد نے ایک ڈبل کیبن پک اپ سمیت دو گاڑیوں کوبھی نذرآتش کردیا جن میں ایک مبینہ طورپر اخوروال کول کمیٹی کے چیئرمین ملک پیر عطاء محمد کی بتائی جاتی ہے تاہم فوری طورپر تصدیق نہیں ہوسکی ۔ آخری اطلاعات کے مطابق مقامی قومی رہنماؤں نے پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی مدد سے حالات پر قابو پاکر دونوں فریقین کے مابین فائرنگ بندی کرادی ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق گلونو کلے پیروال خیل سے ہے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں