کوہاٹ میں پولیو ٹیم پر حملہ، فائرنگ سے حفاظت پر مامور پولیس کانسٹیبل جاں بحق

افسوسناک واقعہ کوہاٹ کے علاقہ ڈھل بہزادی میں پیش آیا ، واقعے میں دونوں ہیلتھ ورکرز محفوظ رہے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 ستمبر 2021 13:05

کوہاٹ میں پولیو ٹیم پر حملہ، فائرنگ سے حفاظت پر مامور پولیس کانسٹیبل جاں بحق
کوہاٹ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 ستمبر2021ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں فائرنگ سے حفاظت پر مامور پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کوہاٹ کے علاقہ ڈھل بہزادی میں اس وقت پیش آیا جب انسداد پولیو ٹیم گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف تھی ، اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے حلمہ کیا گیا جن کی فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہو گیا تاہم اس واقعے میں دونوں ہیلتھ ورکرز محفوظ رہے۔

دوسری طرف لاہور کے علاقے غازی آباد میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر شہری نے لیڈی پولیو ورکر کو گھر میں بند کر دیا اور تشدد کا نشانہ بنایا ، اقراء ماجد نامی پولیو ورکر نے ایف آئی آر بھی درج کروا دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس نے پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا تو ایک شخص باہر نکلا اور اسے کھینچ کر اندر لے گیا اور مارنا شرووع کر دیا ، اس دوران خاتون پولیو ورکر کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پولیو ورکرز پر تشدد کا یہ پہلا واقع نہیں۔ 08 جون2021ء کو بھی بادامی باغ کے علاقے شہباز کالونی میں پولیو ٹیم کے ساتھ ناروا سلوک اور تشدد کا واقعہ سامنے آیا تھا ، بادامی باغ کے علاقے شہباز کالونی میںشاہد نامی شہری نے پولیو ٹیم پر تھوکا اور اس کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا،شاہد نے پولیو ورکر فضا بتول اور ملک عباس علی پر تشدد کیا جنہیں محلہ داروں نے ملزم سے بچایا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے ملزم شاہد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا۔پولیس نے ملزم شاہد کے خلاف پولیو انچارج راوی زون تسلیم کنول کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ، ڈی آئی جی آپریشنزساجد کیانی نے کہا کہ پولیو ورکرز پر تشدد کے واقعات ہرگز قابل برداشت نہیں ، انہوںنے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جا ئے۔

کوہاٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں